شمالی ہندوستان سمیت ملک کے کئی حصوں میں سردی کی لہر

دہلی اور این سی آر میں اورنج اور اتراکھنڈ کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شمالی ہندوستان میں سردی کی لہر کا امکان ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

پہاڑی علاقوں میں برف باری اور کمزور مغربی ڈسٹربنس کی وجہ سے شمالی ہندوستان سمیت ملک کے کئی حصوں میں سردی کی لہر جاری ہے۔ محکمہ موسمیات سے موصولہ اطلاع کے مطابق پیر کی صبح دہلی، ہریانہ سمیت کئی ریاستوں میں گھنی دھند چھائی رہی۔ ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے اگلے چند دنوں میں چنڈی گڑھ میں ہلکی بارش اور نئے سال کے موقع پر پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

راجدھانی دہلی اور این سی آر میں اورنج اور اتراکھنڈ کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شمالی ہندوستان میں گھنی دھند پڑنے، سردی کی لہر کا امکان ہے۔ چنڈی گڑھ میں اگلے دو دنوں تک جزوی طور پر ابر آلود آسمان رہنے کی توقع ہے اور ہریانہ، پنجاب کے کچھ حصوں میں سرد اور گھنی دھند کی توقع ہے۔ چنڈی گڑھ میں آج کم سے کم درجہ حرارت نو ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 15 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔


گزشتہ چند دنوں سے خراب موسم کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ نارنول اور حصار کا کم از کم درجہ حرارت دو ڈگری، بھٹنڈہ میں تین ڈگری سیلسیس گر گیا۔ چنڈی گڑھ میں لوگ دھوپ کو ترس رہے ہیں۔ شہر کا درجہ حرارت سات ڈگری سیلسیس، امرتسر، لدھیانہ اور پٹیالہ چھ ڈگری، پٹھانکوٹ آٹھ ڈگری، فرید کوٹ چھ ڈگری، گورداسپور چار ڈگری سیلسیس رہا۔ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں شدید دھند نے ٹریفک کو متاثر کیا۔

ہریانہ میں امبالہ کا درجہ حرارت سات ڈگری، کرنال چھ ڈگری، روہتک چھ ڈگری، بھیوانی پانچ ڈگری، گڑگاؤں تین ڈگری، سرسہ پانچ ڈگری، کروکشیتر آٹھ ڈگری سیلسیس رہا۔ جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ پہلگام ،کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.7 ڈگری سیلسیس رہا۔ برفباری کی وجہ سے لداخ-کشمیر کی تمام جھیلیں اور ندیاں منجمد ہو گئیں۔ پہاڑ برف سے ڈھکے ہوئے ہیں۔ لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 13.4 ڈگری سیلسیس، کارگل میں منفی 10.3 ڈگری سیلسیس رہا۔


ہماچل پردیش میں بھی شدید سردی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج ریاست کے کلپا میں ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ درجہ حرارت کی بات کریں تو کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری اور زیادہ سے زیادہ نو ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کلپا میں کل کم از کم درجہ حرارت منفی ایک ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ کلّو میں آج مطلع ابر آلود رہنے کی پیش قیاسی ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت تین ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ منالی میں کم سے کم درجہ حرارت صفر اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 12 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

اتراکھنڈ کے بدری ناتھ میں پیر کو کم سے کم درجہ حرارت منفی دو ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدری ناتھ میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ دہرادون میں کم سے کم درجہ حرارت سات ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔


محکمہ کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں میں جنوبی ساحلی آندھرا پردیش اور رائلسیما میں ایک یا دو مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ تلنگانہ، شمالی جنوبی ساحلی آندھرا پردیش، یانم اور رائلسیما میں اگلے پانچ دنوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ساحلی آندھرا پردیش میں ایک یا دو مقامات پر اور رائلسیما میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ تلنگانہ اور مرکز کے زیر انتظام علاقے پڈوچیری کے یانم خشک رہا۔

ساحلی آندھرا پردیش کے کالنگ پٹنم اور تلنگانہ کے میدک میں اتوار کی دیر رات کم سے کم درجہ حرارت 14.3 ڈگری سیلسیس اور 18.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کرناٹک کے کئی علاقوں میں پیر سے تین دن تک بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ نے کہا کہ بنگلورو رورل کے نو اضلاع، چامراج نگر، کوڈاگو، کولار، میسور، منڈیا، رامان نگر، ٹمکور اضلاع بشمول بنگلورو میں اگلے تین دنوں تک بارش متوقع ہے۔


محکمہ کے مطابق دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سیلسیس رہے گا۔ منگلور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سیلسیس رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔