بہار، جھارکھنڈ اور یوپی میں آندھی اور بارش کا قہر، 35 افراد ہلاک

شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں ایک بار پھر جان لیوا طوفان نے قہر برپا کیا۔ بہار، جھارکھنڈ اور اترپردیش میں آندھی طوفان اور آسمانی بجلی گرنے سے 35 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بہار، جھارکھنڈ اور اترپردیش میں ایک بار پھر طوفان اور بارش کا قہر دیکھنے کو ملا اور آندھی ، بارش اور آسمانی بجلی گرنے سے 35 لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ مرنے والوں میں بہار کے 17، جھارکھنڈ کے 13 اور یوپی کے 5 لوگ شامل ہیں۔

28 مئی کو دیر شام بہار کے کئی اضلاع میں تیز آندھی کے ساتھ جھماجھم بارش ہوئی۔ بارش سے لوگوں نے گرمی سے راحت تو محسوس کی، لیکن بھاری تباہی بھی ہوئی۔ بہار میں گیا کے خضر سرائے میں بارش کی وجہ سے ہوئے حادثوں میں 12 سال کی ایک بچی سمیت 4 افراد کی موت ہو گئی۔ کٹیہار میں ایک درخت گرنے سے 4 افراد کی موت واقع ہو گئی اور قریب 6 افراد زخمی ہو گئے۔

علاوہ ازیں روہتاس میں تیز آندھی کی وجہ سے بجلی کا پول گر گیا جس کے نیچے دبنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی۔ اورنگ آباد کے 2 بلاکوں میں آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے 4 افراد ہلاک ہو گئے اور ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ وہیں نوادہ میں ایک دوشیزہ سمیت دو افراد بارش کی وجہ سے ہوئے حادثات میں ہلاک ہو گئے۔ مونگیر میں آسمانی بجلی گرنے سے دو بچوں کی موت ہو گئی۔

جھارکھنڈ میں آندھی، بارش اور آسمانی بجلی گرنے سے 13 لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں چترا کے 4، رانچی کے 3، پلامو کے 2، رام گڑھ کے 2 افراد شامل ہیں جبکہ ہزاری باغ اور لوہردگا کا ایک شخص شامل ہے۔ 27 مئی کو چترا کے ديپوٹانڑ میں ایک کچے مکان پر آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔

یوپی کے اناؤ، کانپور اور گرد و نواح کے اضلاع میں طوفان نے ایک بار پھر لوگوں کو اپنا نشانہ بنایا ۔ یہاں طوفان کے ساتھ ساتھ بجلی گرنے سے 5 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 4 افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔

اناؤ میں تیز آندھی کے بعد آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے دو لوگوں کی جان چلی گئی جبکہ دو افراد بارش کی وجہ سے ہوئے حادثہ میں موت واقع ہو گئی۔ وہیں کانپور میں بھی آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے ایک کسان کی موت ہو گئی۔

اس سے پہلے بھی اتر پردیش سمیت ہندوستان کی کئی ریاستوں میں طوفان قہر برپا چکا ہے۔ گزشتہ دنوں آئے طوفان اور پھر آسمانی بجلی کے گرنے سے 100 سے زیادہ لوگوں کو اپنی جان گنوانی پڑی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔