بنگال: منیرالاسلام بی جے پی میں شامل، متعدد بی جے پی اور آر ایس ایس لیڈران ناراض
منیر الاسلام کو ”فرقہ پرست“ بتاتے ہوئے کئی لیڈروں نے بی جے پی چھوڑنے کی دھمکی دی ہے۔
کولکاتا: بیر بھوم ضلع کے ترنمول کانگریس کے متنازع لیڈر و ممبراسمبلی منیرالاسلام کے بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد بی جے پی کے مقامی کیڈر اور آرایس ایس کے کارکنان میں شدید ناراضگی ہے۔ منیر الاسلام کو ”فرقہ پرست“ بتاتے ہوئے کئی لیڈروں نے بی جے پی چھوڑنے کی دھمکی دی ہے۔
منیرالاسلام بیربھوم ضلع کے لابھپور سے ممبراسمبلی ہیں اور بدھ کو نئی دہلی میں بی جے پی ہیڈ کوارٹر میں کیلاش وجے ورگیہ اور مکل رائے کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔بی جے پی کے بیر بھوم ضلع جنرل سیکریٹری کالا سونا منڈل نے کہا کہ لوگوں نے بی جے پی کو ووٹ اس لیے دیا تھا کہ فرقہ پرستوں کو شکست دیا جاسکے۔مگر اب بی جے پی میں فرقہ پرستوں کو شامل کیا جارہا ہے۔یہ نہ صرف مایوس کن ہے اور ووٹروں میں ناراضگی پیدا کرنے والا قدم ہے بلکہ اس سے بی جے پی کے تئیں ہمدری میں کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی قیادت نے اس معاملے کو حل نہیں کیا تو وہ پارٹی چھوڑ دیں گے۔اس کے علاوہ لوک سبھا انتخاب میں ہوڑ ہ سے امیدوار رنتی دیو سین گپتا نے منیرا لاسلام کی بی جے پی میں شمولیت پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”کیا پارٹی کو منیرالاسلام اور انوپم ہزارا جیسے لیڈروں کی ضرورت ہے جو انتخاب سے قبل بیر بھوم ترنمول کانگریس کے متنازع لیڈر انوبرتا منڈل کے ساتھ تصویر لگاتے ہیں اور انتخاب کے بعد منمن سین کے ساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔