وائناڈ  میں بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ، کئی افراد ہلاک، سینکڑوں دبے ہونے کا خدشہ

وائناڈ ضلع میں مٹی کے تودے گرنے کے بعد فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹروں کو ریسکیو آپریشن میں لگایا گیا ہے۔ لوگوں کی مدد کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کیے گئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

کیرالہ کے وائناڈ ضلع میں شدید بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے جس میں سینکڑوں افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ یہ حادثہ آج   یعنی 30 جولائی کی صبح وائناڈ ضلع کے میپاڈی، منڈکائی ٹاؤن اور چورل مالا میں پیش آیا۔ مقامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مٹی کے تودے گرنے سے کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم سرکاری طور پر  ابھی آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

لینڈ سلائیڈنگ سے زخمی ہونے والے 50 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پہلا لینڈ سلائیڈنگ منڈکائی ٹاؤن میں 1 بجے کے قریب شدید بارش کے دوران ہوا۔ منڈکائی میں ابھی بھی ریسکیو آپریشن جاری تھا کہ صبح 4 بجے کے قریب چورل مالا میں ایک اسکول کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کا دوسرا واقعہ پیش آیا۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اسکول جو کہ کیمپ کی طرح چل رہا تھا وہاں  آس پاس کے مکانات اور دکانیں پانی اور کیچڑ سے بھر گئیں اور فی الحال ریسکیو آپریشن جاری ہے۔


کیرالہ کے وزیر اعلی کے دفتر (سی ایم او) نے کہا ہے کہ ہیلپ لائن نمبر جاری کر دیے گئے ہیں اور فضائیہ کو ریسکیو آپریشن میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ سی ایم او نے کہا، "ویاناڈ میں بھاری بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔ محکمہ صحت- قومی صحت مشن نے کنٹرول روم کھول دیا ہے اور ہنگامی امداد کے لیے ہیلپ لائن نمبر 9656938689 اور 8086010833 جاری کیے گئے ہیں۔ فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹر ایم آئی-17 اور ایک اے ایل ایچ روانہ ہو گیا ہے۔ "

کیرالہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (کے ایس ڈی ایم اے) نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے میں فائر ڈپارٹمنٹ اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔ کے ایس ڈی ایم اے نے کہا کہ کنور ڈیفنس سیکورٹی کور کی دو ٹیمیں بھی امدادی کارروائی میں مدد کے لیے وائناڈبھیجی گئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں کے لوگوں نے بتایا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے تلے سینکڑوں افراد دب گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل موسلادھار بارش کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں رکاوٹیں آ رہی ہیں۔


وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے کہا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر تمام سرکاری ادارے تلاش اور بچاؤ کے کاموں میں شامل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ بچاؤ کارروائیوں کو مربوط کیا جائے گا اور ریاستی وزراء بچاؤ آپریشن کی قیادت کے لیے وائناڈ پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وایناڈ ضلع میں لینڈ سلائیڈنگ اور بارش سے ہونے والی آفات کے پیش نظر محکمہ صحت (نیشنل ہیلتھ مشن) نے ایک کنٹرول روم کھولا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کیرالہ میں بھی بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا ہے کہ زیادہ تر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ کچھ حصوں میں موسلادھار سے بہت موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ کیرالہ میں اگلے تین گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، بجلی گرنے اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ وائناڈ میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کی وجہ سے بچاؤ کام میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔


وزیر اعظم نریندر مودی نے کیرالہ میں مٹی کے تودے گرنے کے حادثے میں جان گنوانے والے لوگوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے معاوضے کا اعلان بھی کیا ہے۔ پی ایم مودی نے کہا، "وائناڈ کے کچھ حصوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے غمزدہ ہوں۔ میرے خیالات ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے اور جو زخمی ہوئے ہیں ان کے لیے دعاگو ہیں۔ تمام متاثرہ لوگوں کی مدد فی الحال جاری ہے اور جاری ہے۔‘‘ وہاں کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر مرکز سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔

کانگریس رہنما  راہل گاندھی نے کیرالہ میں لینڈ سلائیڈنگ پر غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا کہ "میں وائناڈ وائناڈ میپاڈی کے قریب بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ سے بہت افسردہ ہوں،" انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا "جو پھنسے ہوئے ہیں، انہیں جلد ہی بحفاظت نکال لیا جائے گا۔"


راہل نے کہا، "میں نے کیرالہ کے وزیر اعلیٰ اور وائناڈ کے ضلع کلکٹر سے بات کی ہے، جنہوں نے مجھے  بتایا  کہ بچاؤ کارروائیاں جاری ہیں۔ میں نے ان سے تمام ایجنسیوں کے ساتھ تال میل کو یقینی بنانے، ایک کنٹرول روم قائم کرنے اور امدادی سرگرمیوں کے لیے ضروری کام کرنے کو کہا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔