مزدوروں کی نقل مکانی کا سنگین معاملہ امن و امان کے لیے چیلنج: اکھلیش یادو
اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پرایک بار پھر مزدوروں کی نقل مکانی ہورہی ہے ۔ دہلی کے آنند وہار بس اڈے، نوئیڈا اور ملک کی دیگر ریاستوں سے لاکھوں مزدوروں کا آنا جاری ہے۔
لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے آج الزام عائد کیا ہے کہ کورونا وبا نے ایک طرف قہر برپا کیا اور دوسری طرف بڑے شہروں سے مزدوروں کی نقل مکانی کا سنگین معاملہ امن وامان کے لئے ایک چیلنج بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے بہت ڈھول پیٹا تھا کہ جو لوگ گزشتہ سال اتر پردیش آ گئے ہیں، انہیں روزگار ملے گا۔ تقریباً 1.5 ڈیڑھ کروڑ کی دستیابی کا دعوی بھی کیا گیا تھا، لیکن جھوٹ کی قلعی کھل گئی، سچ سامنے آ گیا۔ بی جے پی نے لوگوں کو دھوکہ دے کر بڑا گناہ کیا ہے۔
اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پرایک بار پھر مزدوروں کی نقل مکانی ہو رہی ہے۔ دہلی کے آنند وہار بس اڈے، نوئیڈا اور ملک کی دیگر ریاستوں سے لاکھوں مزدوروں کا آنا جاری ہے۔ ان کا کام چھوٹ گیا، پیسہ ختم، اب اپنے گاؤں واپس لوٹنے کی بے چینی ہے۔ ٹرین سے بھی ہزاروں لوگ آرہے ہیں۔ گزشتہ سال کی طرح ابھی تو راستے میں ان کے کھانے پینے کے انتظامات کے لئے رضاکار تنظیمیں بھی سامنے نہیں آئی ہیں۔
مہاجرمزدوروں کے تیئں بی جے پی سرکار کی پالیسی بے ایمانی کے سبب حالات بگڑ رہے ہیں۔ بڑی تعداد میں آ رہے لوگوں کی ٹیسٹنگ اور ادویات کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ ریاستی حکومت دہلی اور دیگر شہروں سے آ رہے پریشان حال کنبوں کو ان کے گھر تک پہنچانے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔