کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل کا انتقال، اہم شخصیات کا اظہار رنج و غم

احمد پٹیل ایک مہینہ پہلے کورونا سے متاثر ہوئے تھے اور انہیں گڑگاؤں کے میدانتا اسپتال کے آئی سی یو میں رکھا گیا تھا، ان کے بیٹے فیصل پٹیل نے ان کے انتقال کی خبر ٹویٹ کر کے دی

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما اور پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل کا آج علی الصبح 3.30 بجے انتقال ہو گیا۔وہ ایک مہینہ پہلے کورونا سے متاثر ہوئے تھے اور گروگرام کے میدانتا اسپتال میں زیر علاج تھے۔ 15 نومبر کو انہیں میدانتا میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ آئی سی یو میں تھے۔ احمد پٹیل کے بیٹے فیصل پٹیل نے ان کے انتقال کی خبر ٹویٹ کر کے دی۔ ان کے انتقال پر وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس کے سینئر لیڈران سمیت متعدد اہم شخصیات نے غم کا اظہار کیا ہے۔

فیصل پٹیل نے ٹوئٹ کر کے اطلاع دی، ’’انتہائی افسوس کے ساتھ یہ اطلاع دینی پڑ رہی ہ کہ آخر کار میرے والد احمد پٹیل کا 25 نومبر کو رات 3.30 پر انتقال ہو گیا۔ تقریباً ایک مہینہ قبل ان کے کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد سے ان کی طبیعت خراب تھی۔ ان کے جسن کے کئی اعضا نے کام کرنا بند کر دیا تھا۔ اللہ انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔‘‘

فیصل نے اپنے تمام خیرخواہوں سے درخواست کی ہے کہ وہ کووڈ-19 کے تمام اصولوں کی پاسداری کریں مجمع نہ لگائیں اور ہر وقت سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کریں۔


کانگریس کے سینئر رہنما احمد پٹیل کے انتقال پر وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ٹوئٹ کیا، ’’احمد پٹیل کا انتقال افسوسناک ہے۔ انہوں نے کئی سال عوامی زندگی میں گزارے اور سماج کی خدمت کی۔ ان کی ذہانت اور کانگریس کو مضبوط کرنے میں ان کے کردار کے لئے انہیں ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ ان کے بیٹے فیصل سے بات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ احمد بھائی کی روح کو سکون ملے۔‘‘

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے احمد پٹیل کی وفات پر اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’احمد پٹیل کے انتقال سے میں نے ایک ایسا ساتھی کھو دیا ہے جس کی پوری زندگی کانگریس پارٹی کے لئے وقف تھی۔ ان کی وفاداری، اپنے فرض کے تئیں عزم، مدد کے لئے ہمیشہ تیار رہنا اور سخاوت ان کی کچھ ایسی خوبیاں تھیں جو ان کو دوسروں سے جدا کرتی تھیں۔ میں نے ایک ایسا معاون، دوست اور وفادار ساتھی کھویا ہے جس کا کوئی بدل نہیں ہے۔ میں غم کے اس وقت میں مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ ہوں اور ہر ممکن مدد کے لئے حاضر رہوں گی۔‘‘


کانگریس کے سینئر رہنما احمد پٹیل کے انتقال پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا ’’یہ بہت دکھ بھرا دن ہے۔ احمد پٹیل کانگریس پارٹی کے اہم ستون تھے۔ انہوں نے آخری سانس تک کانگریس کو جیا اور ہر مشکل دور میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔ وہ ایک عظیم اثاثہ تھے۔ ہم ان کی کمی ہمیشہ محسوس کریں گے۔ غم کی اس گھڑی میں میری تعزیت فیصل، ممتاز اور اہل خانہ کے ساتھ ہے۔‘‘

کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے احمد پٹیل کے انتقال پر ٹویٹ کے ذریعہ خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا ’’احمد جی نہ صرف ایک ذہین اور تجربہ کار شخص تھے، جن کے پاس میں ہمیشہ مشورے کے لئے جاتی تھی بلکہ وہ ایک دوست بھی تھے جو ہمارے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہے۔ آخر میں یہی کہ وہ ثابت قدم، وفادار اور قابل بھروسہ تھے۔ ان کے اس دنیا سے جانے پر بڑی خلا پیدا ہو گئی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔