’ہر طبقہ کے دبے کچلے لوگوں کے مسیحا تھے ’سیمانچل گاندھی‘ محمد تسلیم الدین‘
محمدتسلیم الدین کے یوم وفات پر سابق رکن پارلیمنٹ سرفراز عالم نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیمانچل ہی نہیں بلکہ اس ملک کے ہر دبے کچلے لوگوں کے مسیحا تھے اور ان کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا
نئی دہلی: سیمانچل گاندھی کے نام سے مشہور معروف سیاسی قائد محمدتسلیم الدین کے یوم وفات 17 ستمبر کے موقع پر سیمانچل میڈیا منچ نئی دہلی اور سابق رکن پارلیمنٹ سرفراز عالم نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیمانچل ہی نہیں بلکہ اس ملک کے ہر دبے کچلے لوگوں کے مسیحا تھے اور ان کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ تسلیم الدین ہر طبقے میں یکساں مقبول تھے اس لئے ان کی کمی کو شدت سے محسوس کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج جس طر ح ملک میں فرقہ واریت بڑھتی جارہی ہے اور بہار میں اقلیتوں اورمحروم طبقات خاص طورپر سیمانچل کو ہر محاذ پر نظر انداز کیا جا رہا ہے اس موقع پر تسلیم الدین کی یاد آنا فطری ہے کیونکہ وہ سیمانچل کے لیے ایک بلند آواز تھے اور یہاں کی ترقی کے لیے وہ کسی سے بھی ٹکرانے کے لیے تیار رہتے تھے۔
سیمانچل گاندھی کے سیاسی وارث اورسابق ایم پی سرفراز عالم نے عہدکیاکہ ہم الحاج تسلیم الدین کی برسی کے موقع ان کے بتائے ہوئے راستوں پر چلنے کاعہدکرتے ہیں اورسماج سے نابرابری کو ختم کرنے کی جدوجہدجاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے قائدآج ہمارے درمیان نہیں ہیں جن کی کمی کااحساس سماج کے ہرطبقے کو ہورہاہے۔
ارریہ کے سابق ممبر پارلیمنٹ سکھدیو پاسوان نے تسلیم الدین کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے ’مارگ درشک‘ تھے، انہوں نے سیمانچل کے لیے ہمیشہ جد و جہد کی اوپر والا سبھی سیاسی لیڈروں کو ان کے بتائے ہوئے راستوں پر چلنے کا حوصلہ دے۔
سیمانچل میڈیامنچ کے صدر عابد انور نے اس موقع پر کہا کہ آج ہمارے لیے غم کا دن ہے کیونکہ سیمانچل کے مسیحا نے آج کے ہی دن اس دنیا کو خیرباد کہا تھا وہ ایک بہادر بے باک اور کسی سے نہ ڈرنے والے لیڈر تھے۔ سیمانچل میڈیا منچ کے رکن منہاج قاسمی نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ سیمانچل کی ہمہ جہت ترقی کے لیے جو خاکہ تسلیم الدین نے پیش کیا تھا اس پر عمل کیا جائے، یہی ان کے لیے بہترین خراج عقیدت ہوگا۔
بائسی اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے سابق امیدوار نثار احمد نے کہا کہ سیمانچل کا لال اب ہمارے درمیان نہیں رہا مگر ہمیں ان کے مشن کو لے کر آگے بڑھنا ہوگا۔ تسلیم الدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ارریہ، جوکی ہاٹ، فاربس گنج اورکشن گنج کی متعدد سیاسی وسماجی شخصیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سیمانچل گاندھی کے دکھائے ہوئے راستوں سے نہیں ہٹیں گے۔ اس موقع پر تسلیم الدین کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے ایک دعائیہ مجلس بھی منعقد کی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔