بہار ریل حادثہ: راہل گاندھی کا اظہار تعزیت، کانگریس کارکنان سے مدد کی اپیل
راہل گاندھی نے فیس بک پر لکھا ’میں بہار میں ٹرین حادثہ سے انتہائی غمزدہ ہوں اور متاثرہ خاندانوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ کانگریس کارکنان سے اپیل ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کریں۔‘
نئی دہلی: کانگریس صدر راہل گاندھی نے بہار میں سیمانچل ایکسپریس کے پٹری سے اترنے کی وجہ سے لوگوں کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے تمام مقامی کارکنوں سے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد دینے کی اپیل کی ہے۔
راہل گاندھی نے اتوار کو فیس بک پر لکھا ’’میں بہار میں ٹرین حادثہ سے انتہائی غمزدہ ہوں۔ میں متاثرہ خاندانوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ میں مقامی کانگریس کارکنان سے متاثرہ خاندانوں کو ہر ضروری مدد دینے کی اپیل کرتا ہوں‘‘۔
قابل غور ہے کہ بہار کے جوگبني سے نئی دہلی کے آنند وہار ٹرمینل آرہی سیمانچل ایکسپریس کے 11 ڈبے سونپور ڈویژن کے سهديو بزرگ اسٹیشن کے قریب آج صبح پٹری سے اتر گئے جس سے سات افراد ہلاک اور 29 افراد زخمی ہو گئے. زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک ہے۔
واضح رہے کہ اب تک اس حادثہ میں 7 مسافروں کی موت واقع ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 29 افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھی حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ حادثہ کی وجہ ریل کی پٹری کا ٹوٹا ہونا بتایا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریلوے اور انتظامیہ کی لاپروائی سے خفا لوگوں نے انتظامیہ پر پتھراؤ کیا ہے۔ پتھراؤ کی وجہ سے بچاؤ ٹیم کے ایک رکن کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔
غور طلب ہے کہ حادثہ کو لے کر لوگ کافی غصہ میں ہیں اور ریلوے کی لاپروائی کو حادثہ کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔ ریلوے کے مطابق حادثہ کی وجہ پٹری میں فریکچر ہونا بتایا گیا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ اگر پٹری میں فریکچر تھا تو ریلوے کو اس کی خبر کیوں نہیں تھی!۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔