ریلوے اسٹیشنوں پر بڑھتی بھیڑ کو دیکھ کر محکمہ ریل نے اٹھایا بڑا قدم، مقررہ وزن سے زیادہ سامان پر لگے گا جرمانہ
ممبئی کے باندرہ ٹرمینس میں پیش آئے حادثہ کے بعد محکمہ ریل نے پہلے ہی منتخب بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر پلیٹ فارم ٹکٹ کی فروخت پر عارضی روک لگا دی ہے، جو 8 نومبر تک جاری رہے گی۔
کچھ روز قبل ممبئی کے باندرہ ٹرمینس پر اس وقت حادثہ پیش آیا تھا جب ٹرین پر چڑھنے کے دوارن بھگدڑ مچ گئی تھی۔ اس حادثہ میں کچھ لوگ شدید زخمی ہو گئے تھے۔ اس طرح کے حادثوں سے بچنے اور ٹرین و پلیٹ فارم پر بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لئے مغربی ریلوے نے ایک نیا حکم جاری کیا ہے۔ محکمہ ریلوے کے مطابق اگر مسافروں کا سامان اس کے متعلقہ ٹریول کلاس کے لئے قابل قبول اور مقررہ حد سے زیادہ ہوگا تو اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ساتھ ہی محکمہ ریلوے نے لوگوں سے ریلوے اسٹیشنوں پر بھیڑ نہ لگانے کی اپیل بھی کی ہے۔
مغربی ریلوے نے 29 اکتوبر کو جاری کردہ ایک اشتہار میں کہا کہ ’’ریلوے اپنے ہر ایک مسافر کو اپنے سفر کے دوران ایک متعینہ مقدار میں ہی مفت سامان لے جانے کی اجازت دیتا ہے۔ لیکن اسکوٹر اور سائیکل جیسے سامانوں سمیت 100 سینٹی میٹر کی لمبائی، 100 سینٹی میٹر کی چوڑائی اور 70 سینٹی میٹر کی اونچائی سے بڑے سائز کے سامان کو مفت لے جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔‘‘
محکمہ ریلوے کی جانب سے جاری کردہ اشتہار میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’مغربی ریلوے تمام مسافرین سے گزارش کرتا ہے کہ وہ اسٹیشنوں پر زیادہ بھیڑ کرنے سے بچیں اور ٹرین کے ٹائم ٹیبل کے مطابق صرف ضرورت ہونے پر ہی احاطے میں داخل ہوں اور سامان کی مقررہ حد پر بھی عمل کریں۔‘‘ اس حکم کا نفاذ فوری طور پر عمل میں لایا گیا ہے اور 8 نومبر تک برقرار رہے گا۔
تہواری سیزن کے دوران پارسل بکنگ میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ خاص طور سے باندرہ ٹرمینس، واپی، ولساڈ، اودھنا اور سورت کے پارسل دفتروں میں بکنگ میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مسافرین کی حفاظت کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹرین کے طے شدہ روانگی وقت سے قبل پارسل کنسائنمنٹ کو پلیٹ فارموں پر لمبے وقت تک جمع نہ رکھنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اتوار کو باندرہ ٹرمینس پر پیش آئے حادثے کے بعد محکمہ ریلوے نے پہلے ہی منتخب بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر پلیٹ فارم ٹکٹ کی فروخت پر عارضی روک لگا دی ہے، جو 8 نومبر تک جاری رہے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔