سیکولر ڈیموکریٹک الائنس کا لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی کو ہٹانے کے لئے مظاہرہ

ایس ڈی اے کا الزام ہے کہ لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی مرکز کے زیر انتظام ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہیں اور انتظامیہ کے روزانہ کاموں میں مداخلت کر رہی ہے۔

لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی، تصویر آئی اے این ایس
لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

پڈوچیری: پڈوچیری کی لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی کو واپس بلائے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس کی قیادت میں سیکولر ڈیموکریٹک الائنس (ایس ڈی اے) کی جانب سے انا جنکشن کے نزدیک چلائے جا رہے چار روزہ دھرنے کا اتوار کو تیسرا دن تھا۔ ایس ڈی اے کا الزام ہے کہ لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی مرکز کے زیر انتظام ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہیں اور انتظامیہ کے روزانہ کاموں میں مداخلت کر رہی ہے۔ ایس ڈی اے نے کرن بیدی کو ہٹائے جانے کے مطالبے کے سلسلے میں آٹھ جنوری سے ہی چار روزہ دھرنے کا آغاز کر دیا ہے۔

بارش کے باوجود اس دھرنے میں شامل وزیراعلی وی نارائن سامی اور دیگر سیاسی پارٹیوں کے رہنما بھی مسلسل دو دنوں تک پنڈال میں ہی موجود رہے۔ نارائن سامی دھرنے کے مقام سے ہی اپنے دفتر کا کام کاج دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعلی نے آج صبح کانگریس کے اہم اتحادی ڈی ایم کے سے بھی دھرنے میں شامل ہونے کی اپیل کی اور اسے مرکز کے زیر انتظام ریاست کے فلاح و بہبود کے حق میں بتایا ہے۔


انہوں نے کہا کہ ڈی ایم کے نے راج نیواس کے آگے 2019 میں منعقد غیر معینہ مدت کے دھرنے میں حصہ لیا تھا اور اس بار بھی اسے دھرنے میں حصہ لینا چاہیے۔ ایس ڈی اے کے رہنماؤں نے ڈی ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کر کے ان سے دھرنے میں شامل ہونے کی اپیل بھی کی۔ حالانکہ ڈی ایم کے کے کنوینر اور رکن اسمبلی آر شیوا نے دھرنے میں شامل ہونے کی دعوت کو قبول نہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دھرنے کی حمایت کرتے ہیں لیکن اس میں شامل نہیں ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔