مہا گٹھ بندھن میں 14 جنوری کے بعد ہوگی سیٹوں کی تقسیم: اپیندر

آر ایل ایس پی کے صدر اپیندر کشواہا نے کہاکہ اس سال ہونے والے لوک سبھا انتخاب کے مد نظر بہار میں مہا گٹھ بندھن کی حلیف جماعتوں کے مابین سیٹوں کی تقسیم مکر سنکرانتی کے بعد ہوجائے گی۔

تصویر / <a href="https://twitter.com/UpendraRLSP">@UpendraRLSP</a>
تصویر / @UpendraRLSP
user

یو این آئی

سمستی پور: راشٹریہ لوک سمتا پارٹی ( آر ایل ایس پی ) کے صدر اپیندر کشواہا نے کہاکہ اس سال ہونے والے لوک سبھا انتخاب کے مد نظر بہار میں مہا گٹھ بندھن کی حلیف جماعتوں کے مابین سیٹوں کی تقسیم مکر سنکرانتی کے بعد ہوجائے گی۔

سابق مرکزی وزیر کشواہا نے ” شکشا سدھار ، جن ۔ جن کا ادھیکار “یاترا کے دوران نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہاکہ مہا گٹھ بندھن کی حلیف جماعتوں کے مابین سیٹوں کے تال میل پر بات چیت ہو چکی ہے اور مکر سنکرانتی (14 جنوری) کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ سیٹ تقسیم کو لیکر مہاگٹھ بندھن میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ کشواہا نے مرکز ی حکومت سے ذات پر مبنی مردشماری کی رپورٹ شائع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ آبادی کے مطابق ریزرویشن ملنا چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت بہار میں پارٹی کے ذریعہ پچیس نکاتی مطالبات سے متعلق چلائی جارہی مہم میں ایک کروڑ لوگوں سے دستخط کرائے جائیں گے۔

آر ایل ایس پی صدر نے کہا کہ بہارمیں تعلیمی نظام کی حالت دگر گوں ہے اور تعلیمی اصلاحات کیلئے نتیش حکومت سے آر ایل ایس پی نے پچیس نکاتی مطالبات کئے ہیں۔ ان مطالبات میں تعلیمی اہلیتی ٹسٹ میں آن لائن سسٹم اپنانے اور اساتذہ کو غیر تدریسی کاموں سے مکمل آزاد کرنے سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں۔

کشواہا نے کہاکہ اس سال دوفروری کو دار الحکومت پٹنہ میں ان کی پارٹی کی جانب سے آکروش مارچ نکالاجائے گا۔ اس دوران ایک کروڑ دستخط کے ساتھ تعلیم میں سدھار کیلئے گورنر کو میمورنڈم سونپا جائے گا۔ اس سے قبل آر ایل ایس پی صدر نے سمستی پور شہر کے کرپوری اسمارک پر گلپوشی کر کے تعلیمی سدھار سفر کی شروعات کی ۔ اس سفر میں آر ایل ایس پی کے سنیئر لیڈران اور سابق مرکزی وزیر ناگ منی اور آر ایل ایس پی ممبر پارلیمنٹ رام کمار شرما بھی شامل تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔