ایس سی او سربراہی اجلاس: وزیر خارجہ ایس جے شنکر پاکستان روانہ، عمران خان کی جماعت نے واپس لیا احتجاج

وزیر خارجہ ایس جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچنے والے ہیں۔ یہ کانفرنس 15 اور 16 اکتوبر 2024 کو اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے

ایس جے شنکر، تصویر یو این آئی
ایس جے شنکر، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

وزیر خارجہ ایس جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچنے والے ہیں۔ یہ کانفرنس 15 اور 16 اکتوبر 2024 کو اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے، جس میں ایس سی او کے رکن ممالک کے اہم رہنما شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان معاشی، سیکورٹی اور سفارتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

کانفرنس میں ہندوستان، چین، روس، ایران، اور وسطی ایشیائی ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے۔ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ایک سرکاری عشائیے کا اہتمام بھی کیا ہے، جس سے ایس سی او کے 23ویں اجلاس کی باضابطہ شروعات ہوگی۔ چین کے وزیراعظم لی کیانگ، روسی وزیراعظم میخائل مشوسٹن اور ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف جیسے عالمی رہنما بھی اس اجلاس کا حصہ بنیں گے۔


خیال رہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اس کانفرنس کے دوران مظاہرے کا اعلان کیا تھا، تاہم حکومت کی جانب سے کارروائی کے خدشے کے بعد پی ٹی آئی نے اپنا احتجاج واپس لے لیا۔ حکومت نے پہلے ہی اشارہ دیا تھا کہ وہ ایس سی او کانفرنس کے دوران کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا مظاہرے سے سختی سے نمٹے گی۔

شنگھائی تعاون تنظیم 1996 میں چین، روس، قازقستان، کرغزستان، اور تاجکستان کے درمیان قائم ہوئی تھی، جس کا مقصد علاقائی سیکورٹی اور تعاون کو فروغ دینا تھا۔ بعد میں 2001 میں ازبکستان کے شامل ہونے کے بعد اسے ایس سی او کا باقاعدہ نام دیا گیا۔ اس تنظیم کا دائرہ کار وقت کے ساتھ وسیع ہوتا گیا اور اب یہ علاقائی استحکام، معاشی ترقی اور انسداد دہشت گردی جیسے اہم معاملات پر توجہ مرکوز رکھتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔