’ای ڈی کی ہر تحقیقات میں گھوٹالہ، پوچھ گچھ کی آڈیوز کیوں حذف کر دی گئیں؟‘

شراب کے مبینہ گھوٹالہ معاملے میں عآپ کے کئی لیڈروں کو گرفتار کئے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر آتشی کہا کہ بی جے پی مرکزی ایجنسی کی مدد سے عام آدمی پارٹی کو ڈرانے اور دھمکانے کی کوشش کر رہی ہے

<div class="paragraphs"><p>وزیر آتشی / ویڈیو گریب</p></div>

وزیر آتشی / ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کی دہلی حکومت میں وزیر آتشی نے منگل کو ایک پریس کانفرنس کی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی کارروائی پر سوال اٹھائے۔ آتشی نے کہا، ’’ای ڈی نے ڈیڑھ سال میں تحقیقات کے نام پر ایک گھوٹالہ کیا ہے۔ انہوں نے بند کمرے میں ملزمان کے بیانات قلمبند کئے اور عدالت میں الگ بیانات پیش کئے۔ یہی نہیں بند کمرے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی آڈیو بھی ڈیلیٹ کر دی گئی۔‘‘ آتشی نے دعویٰ کیا کہ ڈیڑھ سال میں ای ڈی نہ تو کوئی ریکوری کر سکی، نہ ثبوت اکٹھا کر سکی اور نہ ہی اس کے پاس بیانات کی ریکارڈنگ ہے۔

آتشی نے کہا، ’’بی جے پی مرکزی ایجنسی کی مدد سے عام آدمی پارٹی کو ڈرانے اور دھمکانے کی کوشش کر رہی ہے۔ تاہم عام آدمی پارٹی دھمکیوں سے نہیں ڈرتی۔ ہمارے لیڈروں کو دو سال سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ مبینہ شراب گھوٹالہ کے نام پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور سمن بھیجے جا رہے ہیں لیکن اب تک ای ڈی کو کچھ نہیں ملا ہے۔‘‘

آتشی نے کہا، ’’گواہوں کو دھمکا کر بیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ایک گواہ نے کہا ہے کہ مجھے کہا گیا کہ اگر آپ بیان نہیں دیں گے تو آپ کی بیٹی اسکول نہیں جا سکے گی۔ ایک گواہ کو تھپڑ مارا گیا۔ دوسرے گواہ سے کہا کہ تمہاری بیوی کو گرفتار کر لیا جائے گا۔‘‘


آتشی نے کہا کہ کسی بھی تفتیشی ایجنسی کو کیمرے کے سامنے اپنی پوچھ گچھ کرنی ہوتی ہے۔ اگر کوئی آڈیو اور ویڈیو فوٹیج نہیں ہے تو اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملے گا کہ کسی گواہ کو ڈرایا دھمکایا گیا ہو۔ یا گواہ کا لکھا ہوا بیان وہی ہے یا بدل دیا گیا ہے؟

آتشی نے کہا، ’’جب کچھ دن پہلے ایک ملزم نے عدالت میں درخواست دی اور کہا مجھے پوچھ گچھ کی سی سی ٹی وی فوٹیج چاہیے۔ ان کا سرکاری گواہ سے آمنا سامنا ہوا۔ اس پورے تفتیشی عمل کے دوران کمرے میں سی سی ٹی وی نصب تھا۔ جب عدالت میں بیان جمع کرایا گیا تو بیان الگ تھا۔ جب ای ڈی نے اس پوچھ گچھ کی فوٹیج دی تو اس کا آڈیو حذف کر دیا گیا۔ ای ڈی نے بند کمرے کے تمام شواہد کو حذف کر دیا۔‘‘

آتشی نے کہا، ’’آج ہم ای ڈی کو بے نقاب کرنے والے تھے۔ اس لیے کل شام سے ہی ای ڈی والے ڈرے ہوئے تھے۔ وہ مختلف مقامات پر تلاشی لے رہے تھے کہ کیا انکشاف ہو رہا ہے۔ اس انکشاف کو روکنے کے لیے صبح سے ہمارے لیڈروں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے پی اے کے گھر پر چھاپہ مارا جا رہا ہے۔ ایجنسی کو صرف ڈرانے اور دھمکانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ای ڈی آڈیو اور ویڈیو ثبوت پیش کرنے سے قاصر ہے۔ عدالت میں درخواست دے دی گئی ہے۔ ای ڈی کی جانچ کی سچائی جلد ہی سامنے آئے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔