آئی این ایکس میڈیا معاملے میں چدمبرم کو عبوری تحفظ
سپریم کورٹ نے آئی این ایکس میڈیا سرمایہ کاری معاملہ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ سے کہا ہے کہ وہ سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کو 26 اگست تک گرفتار نہیں کر سکتی۔
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے آئی این ایکس میڈیا سرمایہ کاری میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ سے متعلق معاملے میں سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کو گرفتاری سے 26 اگست تک عبوری تحفظ دے دی ہے۔ جسٹس آر بھانومتی اور جسٹس اے ایس بوپنا کی بنچ نے ای ڈی سے متعلق معاملے میں چدمبرم کو اگلے پیر تک گرفتار ی سے راحت دے دی۔ عدالت نے سی بی آئی معاملے کی سماعت بھی 26 اگست تک کے لئے ملتوی کردی۔
چدمبرم آئی این ایس میڈیا میں سرمایہ کاری سے متعلق مبینہ بدعنوانی اور منی لانڈرنگ معاملے میں سی بی آئی اور ای ڈی کی انکوائری کا سامنا کررہے ہیں۔
سابق مرکزی وزیر فی الحال26 اگست تک سی بی آئی کی حراست میں ہیں۔ سماعت شروع ہونے پر سالسٹر جنرل تشار مہتا نے دلیل دی کہ عبوری ضمانت کی عرضی اب قابل سماعت نہیں رہی کیوں کہ سی بی آئی نے چدمبرم کو گرفتارکرلیا ہے اور انہیں حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔
اس پر عدالت نے سی بی آئی معاملے میں سماعت 26 اگست تک ملتوی کردی۔لیکن ای ڈی معاملے میں سماعت جاری رکھی۔ ای ڈی معاملے میں چدمبرم کی طرف سے پیش وکیل کپل سبل نے دلیل دی کہ ان کے موکل کی عبوری ضمانت معاملے میں دہلی ہائی کورٹ کا فیصلہ سالسٹر جنرل تشار مہتا کے نوٹ میں مذکور تبصروں کا ’کٹ اینڈ پیسٹ‘ ایڈیشن ہے۔ حالانکہ مہتا نے ان کے تبصرے پر سخت اعتراض کیا۔
مہتا نے چدمبرم کی بیرون ملک مختلف جائیدادوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تفتیشی ایجنسی کو ان کی تہہ تک جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک چدمبرم مفرور تھے اور انہیں جب تک حراست میں لے کر پوچھ گچھ نہیں کی جاتی ہے تب تک اس سازش سے پردہ نہیں اٹھے گا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ چدمبرم نے آئی این ایکس میڈیا میں سرمایہ کاری معاملے میں اس کے مالک پیٹر مکھرجی اور ان کی اہلیہ اندرانی مکھرجی کو غیر ملکی سرمایہ کاری پروموشن بورڈ کی منظوری کی یقین دہانی کرائی تھی۔ بعد میں عدالت نے چدمبرم کو ای ڈی معاملے میں پیر تک عبوری تحفظ دے دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔