قطر میں متعلقہ حکام حج کے خواہش مند قطری شہریوں کی روانگی کو آسان بنائیں: سعودی عرب

سعودی وزارت حج و عمرہ نے قطر کی وزارت اوقاف و اسلامی امور کی جانب سے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا کہ سعودی حکومت عمرے اور حج کے خواہش مند قطری عازمین کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آواز بیورو

سعودی عرب کی حج اور عمرے کی وزارت نے قطر میں متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ فریضہ حج کی ادائی گی کے خواہش مند قطری شہریوں کی مملکت آمد کو آسان بنائیں اور اس حوالے سے قطری حکومت کی جانب سے عائد رکاوٹوں کو ختم کرے۔

سعودی خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق سعودی وزارت حج نے ہفتے کے روز جاری بیان میں باور کرایا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی حکومت قطر سے معتمرین اور عازمین حج کی آمد کو آسان بنانے کے لیے اسی طرح تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی خواہش مند ہے جس طرح عموماً پوری دنیا کے عازمین حج کے واسطے خواہش رکھتے ہیں۔ رواں سال 1440 ہجری کے لیے دنیا بھر سے 17 لاکھ سے زیادہ عازمین حج کی آمد پر اتفاق ہوا ہے جب کہ اس سال کے دوران دنیا بھر سے 80 لاکھ کے قریب مسلمانوں نے عمرہ ادا کیا۔


سعودی وزارت حج و عمرہ نے قطر کی وزارت اوقاف و اسلامی امور کی جانب سے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا کہ سعودی حکومت عمرے اور حج کے خواہش مند قطری عازمین کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے اور قطری حج وعمرہ کمپنیوں کو مملکت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ بیان کے مطابق یہ دعویٰ حقیقت کے برخلاف ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے کئی ویب سائٹس لنکس متعارف کروائے تا کہ قطری شہری اور قطر میں مقیم غیر ملکی حج کے سلسلے میں اپنے قیام کے مقامات کی بُکنگ اور مطلوب خدمات کا کنٹریکٹ کر سکیں۔ یہ لوگ قطری فضائی کمپنی کے سوا کسی بھی فضائی کمپنی سے آسکتے ہیں۔

سعودی وزارت حج وعمرہ نے رواں سال دیگر اسلامی ممالک کی طرح قطر میں بھی حج کے امور کے ذمے داران کو دعوت دی کہ وہ مملکت آ کر قطری عازمین حج کی آمد کے انتظامات کریں۔ اس سلسلے میں ان کے ساتھ اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں قطری شہریوں اور وہاں مقیم غیر ملکیوں کی آمد سے متعلق تمام تر امور زیر بحث آئے۔ تاہم قطری وفد حج کے معاہدے پر دستخط کے بغیر واپس روانہ ہو گیا۔ اس کے بعد قطری حکام نے قطری حج ٹور کمپنیوں کو مملکت میں حجاج کو خدمات فراہم کرنے والوں کے ساتھ سمجھوتے طے کرنے کے لیے سعودی عرب آنے کا موقع نہیں دیا۔


سعودی وزارت حج نے زور دیا ہے کہ مملکت حج کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کو یکسر مسترد کر چکی ہے۔ وزارت نے اپنے بیان میں باور کرایا کہ حج اور عمرے کے مناسک کی ادائیگی کے لیے قطر سے سعودی عرب آنے والے تمام برادران کا خیر مقدم جاری رہے گا۔ وزارت اس بات کی خواہش مند ہے کہ یہ لوگ پوری دنیا کے بقیہ تمام حجاج اور معتمرین کی طرح مکمل سہولت اور آسانی کے ساتھ اپنے مناسک ادا کریں۔

بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔