ستیندر جین مزید 5 دن ای ڈی کی حراست میں رہیں گے، عدالت نے کی ریمانڈ کی مدت میں توسیع

ای ڈی کے عہدیداروں نے ستیندر جین کو راؤز ایونیو کورٹ میں پیش کرتے ہوئے ریمانڈ کی مدت میں توسیع کی درخواست کی تھی، جسے عدالت نے قبول کر لیا

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین / تصویر یو این آئی
دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین / تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کئے گئے دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کی ریمانڈ میں مزید 5 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔ ای ڈی کے عہدیداروں نے ستیندر جین کو راؤز ایونیو کورٹ میں پیش کرتے ہوئے ریمانڈ کی مدت میں توسیع کی درخواست کی تھی، جسے عدالت نے قبول کر لیا۔

ای ڈی کے عہدیدار نے عدالت میں کہا، ’’چھاپے کے دوران ہم نے بہت سی چیزیں برآمد کی ہیں، جن کے بارے میں جین سے پوچھ گچھ کی جانی ہے۔‘‘ دلائل سننے کے بعد عدالت نے ای ڈی کی عرضی کو قبول کرتے ہوئے جین کی حراست میں 5 دن کی توسیع کرنے کا فیصلہ سنایا۔


خیال رہے کہ ای ڈی نے حال ہی میں جین اور ان کے رشتہ داروں سمیت قریبی دوستوں کے کئی مقامات پر چھاپے مارے تھے۔ اس چھاپہ ماری کے دوران 2.85 کروڑ روپے نقد اور 1.80 کلو گرام وزنی سونے کے 133 سکے برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ کئی اہم دستاویزات اور ڈیجیٹل ریکارڈ کو بھی قبضے میں لیا گیا۔

ای ڈی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ جن لوگوں کے خلاف چھاپے مارے گئے، انہوں نے منی لانڈرنگ میں براہ راست یا بالواسطہ طور پر وزیر کی مدد کی تھی۔

ای ڈی نے ستیندر جین کو منی لانڈرنگ کے سلسلہ میں 30 مئی کو گرفتار کیا تھا۔ ٹرائل کورٹ نے انہیں 31 مئی سے 9 جون تک ای ڈی کی ریمانڈ میں بھیج دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔