ہریانہ میں امام مسجد اور ان کی اہلیہ کا قتل معاملہ، ملزم ستبیر سنگھ گرفتار

گرفتار شدہ ملزم ستبیر سنگھ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے شک تھا کہ امام اس کے خاندان کے خلاف کالا جادو کرتے ہیں اس لئے اس نے اس بہیمانہ قتل کی واردات کو انجام دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

سونی پت: ہریانہ میں سونی پت ضلع کے گنور ڈویژن میں منک مجری گاؤں کے مسجد کے امام اور ان کی اہلیہ کے قتل کے معاملے میں پولس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کا نام ستبیر سنگھ ہے اور وہ اسی گاؤں کا رہائشی ہے۔

گرفتار شدہ ملزم ستبیر نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے شک تھا کہ امام اس کے خاندان کے خلاف کالا جادو کرتے ہیں اس لئے اس نے اس بہیمانہ قتل کی واردات کو انجام دیا۔ ہریانہ پولس نے ملزم ستبیر کو منگل کے روز عدالت میں پیش کر دیا۔


واضح رہے کہ مسجد کے پیچھے بنے کمرے میں امام محمد عرفان اور ان کی اہلیہ یاسمین رہتے تھے اور گزشتہ اتوار کی شب جب وہ گہری نیند میں تھے تو ملزم ان کے گھر میں داخل ہوا اور انہیں قتل کر دیا۔

پولس نے اس انتہائی حساس نوعت کے معاملہ سے 24 گھنٹے کے اندر پردہ اٹھا دیا ہے۔ پولس کے مطابق تفتیش کے دوران گاؤں کے ہی ایک رہائشی خورشید نے رپورٹ درج کرائی ہے، جس کی بنیاد پر مقدمہ قائم ہوا۔ خورشید نے بتایا کہ ملزم ستبیر کو امام پر شک تھا کہ وہ اس کے خلاف کالا جادو کرتے ہیں اور اس وجہ سے اس کے والد اور بھائی بیمار رہنے لگے۔


گرفتار شدہ ملزم ستبیر نے پولس سے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ رات کو چارپائی کا پایہ لے کر امام عرفان کے گھر میں گھس گیا اور سوتے وقت ان کے سر پر کئی وار کئے۔ اسی دوران ان کی اہلیہ جاگ گئی تو اس نے ان پر بھی حملہ کر دیا اور دونوں کو قتل کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔