’متھرا مندر کی تیاری‘ والے کیشو پرساد کے بیان پر سنجے سنگھ کا رد عمل ’بی جے پی پہلے چوری کئے ہوئے چندے کا جواب دے‘
سنجے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کو کسی اور مندر کی تعمیر کا دعوی کرنے سے پہلے ایودھیا میں مندر تعمیر کے لئے جمع ہوئے چندے کی چوری کا جواب دینا پڑے گا۔
متھرا: اتر پردیش کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ کے ایودھیا اور وارانسی میں مندر تعمیر کے بعد متھرا میں بھی مندر تعمیر کی تیاری کے دعوی کی اپوزیشن پارٹیوں نے تنقید کی ہے۔
بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے جنرل سکریٹری ستیش چندر مشرا نے بدھ کے روز متھرا میں مندر تعمیر کی تیاری کے سلسلے میں موریہ کے دعویٰ کو خالص سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب عوام کے درمیان بی جے پی کا چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موریہ کسی مغالطہ میں نہ رہیں۔ عوام اب بی جے پی کے ایسے دعوؤں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔مشرا نے کہا کہ ترقی کے سبھی محاذ پر ناکام رہی بی جے پی کا اصلی چہرہ اب بے نقاب ہو چکا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ موریہ نے ایودھیا میں رام مندر تعمیر اور وارانسی میں کاشی وشوناتھ کوریڈور کی تعمیر کا عمل شروع ہونے کے بعد اب متھرا میں بھی شاندار مندر بنانے کی تیاری شروع ہونے کا دعوی کیا ہے۔ موریہ نے بدھ کو ٹوئٹ کر کے کہا کہ 'ایودھیا کاشی میں شاندار مندر کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ متھرا کی تیاری ہے۔‘
اس پر تبصرہ کرتے ہوئے عام آدمی پارتی کے راجیہ سبھا رکن اور اتر پردیش کے انچارج سنجے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کو کسی اور مندر کی تعمیر کا دعویٰ کرنے سے پہلے ایودھیا میں مندر تعمیر کے لئے جمع ہوئے چندے کی چوری کا جواب دینا پڑے گا۔
سنجے سنگھ نے بی جے پی کو 'چندہ چور' قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی نے پہلے ایودھیا میں چندہ چوری کیا اور پھر کاشی میں تمام مندروں کو توڑ دیا۔ یہ وہی بی جے پی ہے جس نے ایودھیا میں گذشتہ ڈیڑھ سال سے مندر میں چندہ چوری کیا اور پھر کاشی میں تمام مندروں کو توڑ دیا۔ یہ وہی بی جے پی ہے جو ایودھیا میں گذشتہ ڈیڑھ سال میں مندر کی بنیاد بھرنے کا کام بھی پورا نہیں کر پائی ہے، وہی بی جے پی نیا مندر کیسے بنا پائے گی۔ ان کا پورا دھیان چندہ چوری کرنے میں ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔