بی جے پی کو شیو سینا نے پھر دکھایا انگوٹھا، نائیڈو کی بھوک ہڑتال میں پہنچے سنجے راؤت

مہاراشٹر میں بی جے پی کی ساتھی پارٹی شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے چندرا بابو نائیڈو کی بھوک ہڑتال میں شامل ہو کر ظاہر کر دیا ہے کہ پارٹی زیادہ دنوں تک این ڈی اے کے ساتھ نہیں رہنے والی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ایک طرف اپوزیشن پارٹیاں مودی حکومت کے خلاف زبردست تحریک چلا رہی ہیں اور دوسری طرف این ڈی اے میں شامل پارٹیوں کا انتشار بھی کھل کر سامنے آتا جا رہا ہے۔ آج جب آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو نے دہلی واقع آندھرا بھون میں ریاست کو خصوصی درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے یک روزہ بھوک ہڑتال کی تو کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران بھی ان کی حمایت کا اعلان کرنے وہاں پہنچے۔ لیکن سب سے حیران کرنے والا جو معاملہ تھا وہ شیو سینا لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت کا وہاں پہنچنا تھا۔

مہاراشٹر میں بی جے پی کی ساتھی پارٹی شیو سینا یوں تو مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف اکثر بولتی رہی ہے لیکن چندرا بابو نائیڈو کی بھوک ہڑتال میں سنجے راؤت کی شمولیت پوری طرح سے ظاہر کر رہی ہے کہ وہ زیادہ دنوں تک این ڈی اے کے ساتھ نہیں رہنے والی۔ 11 فروری کو آندھرا بھون میں شیو سینا رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ اور کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ کے درمیان میں بیٹھے نظر آئے۔ راؤت دونوں کانگریس لیڈران سے کچھ باتیں بھی کر رہے تھے اور یقیناً یہ بی جے پی کے لیے کسی زبردست دھچکے سے کم نہیں ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

میڈیا ذرائع کے مطابق سنجے راؤت نے چندرا بابو نائیڈو کے ذریعہ آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دئیے جانے کے مطالبہ کو درست ٹھہرایا اور کہا کہ پی ایم مودی نے ریاست کے ساتھ وعدہ خلافی کی ہے۔ اس موقع پر راؤت نے مودی حکومت کی کئی پالیسیوں کی تنقید کی اور نوجوانوں و کسانوں کے مسائل کو بھی سامنے رکھا۔ ان کی باتیں اور اپوزیشن پارٹی لیڈروں کے ساتھ ان کا طرز تخاطب ملک میں بن رہی مودی مخالف ہوا کی طرف بھی اشارہ کر رہا تھا۔ ایسے ماحول میں اگر آنے والے دنوں میں شیو سینا این ڈی اے سے علیحدگی کا اعلان کرتی ہے تو اس میں کوئی حیرانی نہیں ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔