مہاراشٹر کے بعد اب گوا حکومت پر خطرہ! سنجے راؤت نے کہا- ’ملک بھر میں چمتکار ہوگا‘

سنجے راوت نے کہا، ’’کانگریس سمیت کئی جماعتوں کے ساتھ مل کر ریاست میں ہم ایک مختلف محاذ بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ گوا میں جلد ہی کوئی ’کرشمہ‘ ہو سکتا ہے‘‘۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

شیوسینا کے رہنما سنجے راوت نے جمعہ کو کہا کہ مہاراشٹر کے بعد گوا میں بھی کوئی ’کرشمہ‘ ہو سکتا ہے اور حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کو جلد ہی بھونچال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، راوت نے صحافیوں کو بتایا، ’’گوا فارورڈ پارٹی کے سربراہ وجے سردیسائی سمیت تقریباً چار رکن اسمبلی شیوسینا کے رابطے میں ہیں‘‘ـ


انہوں نے مزید کہا، ’’کانگریس سمیت کئی جماعتوں کے ساتھ مل کر ریاست میں ہم ایک مختلف محاذ بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ گوا میں جلد ہی کوئی ’کرشمہ‘ ہو سکتا ہے۔‘‘ شیوسینا کے رہنما کا یہ بیان شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کے وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالنے کے ٹھیک ایک دن بعد آیا ہے۔ سنجے راوت نے آگے کہا، ’یہ کرشمہ ابھی ملک بھر میں نظر آئے گا، مہاراشٹر کے بعد اب گوا کی باری ہے، اس کے بعد ہم دوسری ریاستوں میں جائیں گے۔ ہم ملک میں غیر بی جے پی سیاسی محاذ بنانا چاہتے ہیں‘۔


سنجے راوت کے گوا کو لے کر دیئے گئے بیان کے بعد ان کی گوا میں اتحادی پارٹی گوا فارورڈ پارٹی کے سربراہ اور گوا کے سابق نائب وزیر اعلی وجے سردیسائی نے کہا کہ اعلان کرنے کے بعد حکومت بدلتی نہیں ہے، بلکہ یہ سب اچانک ہوتا ہے، مہاراشٹر میں جو ہوا ہے، وہ گوا میں بھی ہونا چاہیے، اپوزیشن کو ایک ساتھ آنا چاہیے، ہم سنجے راوت سے ملے، ’مہا وکاس اگھاڑی‘ محاذ کو تشکیل دیا گیا ہے، جسے گوا تک بڑھایا جانا چاہیے۔


اس سے پہلے سنجے راوت نے ٹوئٹ شیئر کر کے اشاروں اشاروں میں بی جے پی پر نشانہ لگایا، راوت نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'ہم شطرنج میں کچھ ایسا کمال کرتے ہیں کہ صرف پیادہ ہی بادشاہ کو مات کرتے ہیں‘۔ حالانکہ راوت نے اپنے ٹوئٹ میں کسی کا نام نہیں لیا ہے لیکن مانا جا رہا ہے کہ ان کے نشانے پر صرف بی جے پی ہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔