سنگرور لوک سبھا ضمنی انتخاب: ووٹوں کی گنتی کل، تمام انتظامات مکمل
عام آدمی پارٹی کے امیدوار گرو میل سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ووٹنگ کے دوران لوگوں کا رویہ دیکھ کر یہ ثابت ہو گیا ہے کہ اس الیکشن میں عام آدمی پارٹی کی جیت یقینی ہے۔
سنگرور: پنجاب کی سنگرور لوک سبھا سیٹ پر 23 جون کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی گنتی اتوار کی صبح 8 بجے سخت سیکورٹی کے درمیان شروع ہوگی اور دوپہر تک نتائج کا اعلان ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ یہ سیٹ وزیر اعلی بھگونت مان کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔ مان دو بار اس علاقے کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ اسمبلی انتخابات میں دھوری سیٹ سے الیکشن جیت کر وزیر اعلیٰ بننے کے بعد انہیں اس سیٹ سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔
عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے اس سیٹ کے لیے سرپنچ گرمیل سنگھ کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ شرومنی اکالی دل نے کمل دیپ کور راجوانہ، اکالی دل (امرتسر) نے اپنے پردھان سمرن جیت سنگھ مان کو، بی جے پی نے کیول سنگھ ڈھلون اور کانگریس نے دلبیر سنگھ گولڈی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اس سیٹ پر کم ووٹنگ ہونے کی وجہ سے کئی طرح کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
عآپ اپنی جیت کے بارے میں پراعتماد نظر آرہی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے امیدوار گرو میل سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ووٹنگ کے دوران لوگوں کا رویہ دیکھ کر یہ ثابت ہو گیا ہے کہ اس الیکشن میں عام آدمی پارٹی کی جیت یقینی ہے۔ 26 جون کو الیکشن کمیشن کی طرف سے عام آدمی پارٹی کی جیت کا محض باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کی طرح اس الیکشن میں بھی عام آدمی پارٹی یکطرفہ طور پر کامیابی حاصل کرے گی۔ کانگریس، اکالی دل اور بی جے پی کا کہیں بھی عام آدمی پارٹی سے مقابلہ نہیں ہے۔ ان کے امیدوار اپنی ضمانت بچانے کی فکر میں ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔