سنگرور اسمبلی انتخاب: وزیر اعلیٰ مان کی سیٹ پر عآپ کی ہار، ’اکالی دل اے‘ کے سمرنجیت فتحیاب
بھگونت مان کے استعفی سے خالی ہوئی سنگرور لوک سبھا سیٹ کے لئے ہونے والے ضمنی انتخاب میں عام آدمی پارٹی کے امیدوار کی ہار ہوئی ہے، جبکہ اکالی دل (امرتسر) نے جیت حاصل کی ہے۔
چنڈی گڑھ: پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کے استعفی کے بعد خالی ہونے والی سنگرور لوک سبھا سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی کو شدید دھچکا لگا ہے۔ یہاں سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار گرمیل سنگھ ہار گئے ہیں۔
پنجاب کی اس ہائی پروفائل سیٹ پر ضمنی انتخاب میں شرومنی اکالی دل (امرتسر) کے امیدوار سمرنجیت سنگھ مان کو جیت حاصل ہوئی ہے۔ سمرنجیت سنگھ نے اپنے نزدیکی عام آدمی پارٹی کے امیدوار گرمیل سنگھ کو 7 ہزار سے زیادہ کے فرق سے ہرا دیا۔
سنگرور کے نومنتخب رکن پارلیمنٹ سمرنجیت سنگھ مان نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ پارلیمنٹ میں اپنا نمائندہ منتخب کرنے کے لئے سنگرور کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل، زرعی مزدوروں، تاجروں اور سنگرور کے ہر شہری کے مساسئل کے حل کے لئے میں اپنے طور پر پوری کوشش کروں گا۔
ادھر، شرومنی اکالی دل کے سکھبیر سنگھ بادل اور سکھبیر سنگھ کھیرا سمیت کئی لیڈران نے سمرنجیت سنگھ مان کو اس جیت کے لئے مبارک باد دی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ مان کے گاؤں میں بھی عام آدمی پارٹی پیچھے رہی۔
خیال رہے کہ سنگرور لوک سبھا سیٹ کے لئے ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی گنتی برنالہ میں ہوئی، برنالہ میں ایس ڈی کالج آف فارمیسی کو ووٹ شماری کا مرکز بنایا گیا ہے۔ مرکز پر بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔