سنگھو بارڈر واقعہ: ملزم یوگیش نے جو نام لیا، رائی تھانہ میں اس نام کا کوئی اہلکار تعینات ہی نہیں!

سنگھو بارڈر پر پکڑے گئے شخص یوگیش نے کہا کہ کسان لیڈران کا قتل کرنے کی ہدایت اسے سونی پت کے رائی تھانہ کے ایس ایچ او پردیپ نے دی تھی۔ جبکہ رائی تھانے میں پردیپ نام کا کوئی شخص موجود نہیں ہے

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ایک طرف کسان 26 جنوری کو ٹریکٹر ریلی نکالنے پر بضد ہیں تو دوسری طرف حکومت زرعی قوانین کو واپس لینے کے لئے تیار نہیں ہے۔ دریں اثنا، سنگھو بارڈر پر ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جس نے ہنگامہ برپا کر دیا۔ دہلی بارڈر پر احتجاج کرنے والے کسانوں نے ایک مشتبہ نوجوان کو پکڑا ہے۔ اس مشکوک نوجوان نے اعتراف کیا کہ وہ 26 جنوری کو چار کسان رہنماؤں کے قتل کے مقصد سے آیا تھا۔

سنگھو بارڈرد پر پکڑے گئے نوجوان کا نام یوگیش ہے، جو ہریانہ کے سونی پت ضلع کا رہنے والا بتایا جاتا ہے۔ یوگیش نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ کسان لیڈران کا قتل کرنے کی ہدایت اسے سونی پت کے رائی تھانہ کے ایس ایچ او پردیپ نے دی تھی۔ ’آج تک‘ پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رائے تھانے میں پردیپ نام کا کوئی شخص موجود نہیں ہے۔ رائے تھانے کے ایس ایچ او کا نام بھی ویویک ملک ہے، جو گذشتہ 7 ماہ سے یہاں تعینات ہیں۔


رائے تھانے کے ایس ایچ او ویویک ملک نے ’آج تک‘ سے باتے چیت میں کہا "میں خود پریس کانفرنس براہ راست سن رہا تھا۔ لڑکا کہہ رہا ہے کہ ایس ایچ او رائے نے منصوبہ بنایا، جبکہ ایک کسان رہنما پی سی میں لڑکے کی بات کاٹ کر کہہ رہے ہیں کہ ہمیں معلوم نہیں کہ کون ایس ایچ او کون ہے۔‘‘

ایس ایچ او رائے نے کہا "میں پریس کانفرنس پر نظر چاہتا ہوں کیونکہ کسان یہاں بھی دھرنے پر بیٹھے ہیں، میرا علاقہ بھی متاثر ہے۔ میرے تھانے میں، میرے عملے میں پردیپ نام کا کوئی فرد نہیں ہے۔‘‘ ایس ایچ او ویویک ملک نے کہا ، "میں صرف پولیسنگ کرتا ہوں اور کوئی کام نہیں کرتا اور ایسا گھٹیا کام نہیں کرتا۔‘‘


آج تک سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایچ او نے کہا، "اب کوئی پولیس کی وردی پہن کر کسانوں پر گولی چلا سکتا ہے۔ کسانوں کے بیچ پولیس کا کیا کام؟ گزشتہ دنوں ایک ٹریکٹر مارچ نکالا گیا، اس میں بھی پولیس نہیں تھی صرف کسان تھے، میں چور تھوڑی ہوں جو بھاگوں۔ میں تھانے میں بیٹھا ہوں''۔

رپورٹ کے مطابق اس معاملے میں پولیس گہرائی سے تحقیقات کر رہی ہے۔ ڈی ایس پی کرائم برانچ ہنسراج سنگھ ملزم یوگیش سے مسلسل پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ یوگیش نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک تقریب کے لئے دہلی میں ایک رشتہ دار کے گھر گیا تھا۔ جب وہ 19 تاریخ کو وہاں سے واپس آیا تو کسانوں نے اسے پکڑ لیا۔ تب سے وہ کسانوں کے ساتھ تھا۔ یوگیش کے ساتھ پولیس اس معاملے پر کسانوں سے بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔