سمیع ہاتھ میں فریکچر کے سبب ٹسٹ سیریز سے ہوئے باہر

سمیع کو دوسری اننگز میں تیسرے دن سنیچر کو ہندوستانی اننگز کے اختتام کے وقت دائیں بازو میں پیٹ کیمنس کی باؤنڈری سے چوٹ لگ گئی تھی جس کے بعد انہیں باہر جانا پڑا اور ہندوستانی اننگز 36 رن پر سمٹ گئی۔

محمد سمیع، تصویر آئی اے این ایس
محمد سمیع، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ایڈیلیڈ: آسٹریلیا کے خلاف پہلے دن ڈے نائٹ ٹسٹ میں 36 رن کے اپنے کم اسکور پر آؤٹ ہوکر شرمناک شکست کا سامنا کرچکی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو تیز گیند باز محمد سمیع کے طور پر ایک اور دھچکا لگا ہے جو ہاتھ میں فریکچر کے سبب ٹسٹ سیریز کے باقی تین میچوں سے باہر ہوگئے ہیں۔

اگرچہ ابھی یہ طے نہیں ہے کہ سمیع وطن کب واپس آئیں گے لیکن امکان ہے کہ وہ ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کے ساتھ وطن واپس آسکتے ہیں جو اتوار کو ایڈیلیڈ میں دیکھے گئے تھے۔ وراٹ اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے لئے جلد ہی وطن واپس آنے والے ہیں۔


سمیع کو ہندوستان کی دوسری اننگز میں تیسرے دن سنیچر کو ہندوستانی اننگز کے اختتام کے وقت دائیں بازو میں پیٹ کیمنس کی باؤنڈری سے چوٹ لگ گئی تھی جس کے بعد انہیں باہر جانا پڑا اور ہندوستانی اننگز 36 رن پر سمٹ گئی۔ ہاتھ پر گیند لگنے کے بعد ہندوستانی طبی ٹیم نے ان کی چوٹ کا معائنہ کیا۔ سمیع نے درد کا اسپرے لگانے کے بعد اپنی اننگز کو پھر سے شروع کرنے کی کوشش بھی کی، لیکن وہ بلے کے ساتھ بازو کوبھی نہیں اٹھا سکے جس کے بعد وہ میدان سے باہر چلے گئے۔

سمیع کا باقی ٹسٹ سیریز میں کھیلنا اس لئے بھی مشکل ہے کیونکہ وہ دوسری اننگز کے دوران گیند بازی کرنے بھی نہیں آئے اور انہیں میچ ختم ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے ہاتھ ملانے کے دوران بھی نہیں دیکھا گیا۔ انہیں اگرچہ بعد میں ایڈیلیڈ میں ہاتھ پر پٹی باندھے ہوئے دیکھا گیا۔ میچ کے بعد پریزینٹیشن میں ہندوستانی کپتان وراٹ نے کہا تھا کہ سمیع شدید تکلیف میں ہیں اور گیند بازی والے ہاتھ کو مشکل سے اٹھا پا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔