سمیر وانکھیڈے کی بہن یاسمین کا نواب ملک کے خلاف مجرمانہ ہتک عزت کا مقدمہ

سمیر وانکھیڈے کی بہن یاسمین وانکھیڈے نے ممبئی کی عدالت میں این سی پی کے رہنما اور ریاستی وزیر نواب ملک کے خلاف خلاف ہتک آمیز کلمات ادا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مجرمانہ ہتک عزت کا مقدمہ درج کیا ہے

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

یو این آئی

ممبئی: نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے کی بڑی بہن یاسمین وانکھیڈے نے ممبئی کی مقامی اندھیری عدالت میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما اور ریاستی کابینہ کے وزیر نواب ملک کے خلاف سوشل میڈیا اور ٹیلی ویژن انٹرویوز پر ان کے خلاف ہتک آمیز کلمات ادا کرنے کے معاملے میں مجرمانہ ہتک عزت کا مقدمہ درج کیا ہے۔ اس سے قبل بی جے پی لیڈر موہت کمبوج نے بھی نواب ملک کے خلاف اس سے مماثل ہتک عزت کا مقدمہ درج کرایا تھا جس کی سماعت التواء میں پڑی ہوئی ہے۔

پیشے سے وکیل یاسمین وانکھیڈے نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ وہ مختلف غیر سرکاری تنظیموں سے وابستہ ہیں اور غریبوں کے لیے کام کرتی ہیں۔ نیز وہ شیو سینا کی فلمی ذیلی یونین چترپٹ سینا کی صدر بھی ہیں اور مراٹھی فلمی صنعت سے وابستہ فنکاروں اور روزانہ کام کرنے والوں مزدوروں کے مسائل اور شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے کام کرتی ہیں۔

شیکایت میں یاسمین نے کہا کہ نواب ملک کی جانب سے ہتک آمیز کلمات سے نوازے جانے کے بعد ان کی شبیہ ان کے علاقے کے لوگوں کی نظروں میں خراب ہو گئی ہے اور انہیں غیر ضروری بحث کا موضوع بنایا گیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی سمیر نے نواب ملک کے داماد کے خلاف منشیات کے معاملہ میں کارروائی کی تھی اسی بنا پر ذاتی رنجش کی وجہ سے نواب ملک ان پر اور ان کے خاندان کے افراد کے خلاف جھوٹے اور ہتک آمیز الزامات لگا رہے ہیں، نیز انہوں نے ٹویٹس کی ایک سیریز میں کہا کہ ایک فلیچر پٹیل نامی شخص سے ان کے ذاتی مراسم ہیں اور وہ ان کے ساتھ مل کر بالی ووڈ میں غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہیں۔ شیکایت کنندہ یاسمین نے نواب ملک پر یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ وزیر نے سوشل میڈیا پر انیہں بار بار 'لیڈی ڈان' کے لقب سے نوازا ہے۔

یاسمین ملک نے مزید کہا کہ ان کی ایک اور تصویر ملک کی طرف سے شائع کی گئی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ وہ مالدیپ کے دورے کے دوران ہفتہ وصولی میں ملوث تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک نے ایک واٹس ایپ چیٹ اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا تھا جس میں یہ الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے ایک ڈیلر کے ساتھ منشیات سے متعلق چیٹ کی تھی۔ اس معاملے کی سماعت 25 فروری کو متوقع ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔