ای ڈی کے منی لانڈرنگ مقدمہ کے خلاف سمیر وانکھیڑے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع، انتقامی کارروائی قرار دیا

این سی بی کے زونل ڈائریکٹر نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ ای ڈی کو اس وقت تک جانچ کرنے سے روکا جائے جب تک ان کے سی بی آئی کے خلاف پہلے سے داخل عرضداشت پر فیصلہ نہیں ہوجاتا

سمیر وانکھیڈے، آرین خان / آئی اے این ایس
سمیر وانکھیڈے، آرین خان / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

 ممبئی: نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے سابق زونل ڈائرکٹر سمیر وانکھیڑے نے ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ (ای ڈی) کے ذریعہ اپنے خلاف درج کئے گئے منی لانڈرنگ کے مقدمہ کے خلاف بمبئی ہائی کورٹ میں عرضداشت داخل کیا ہے۔ اپنی عرضداشت میں انہوں نے ای ڈی کے مقدمے کو اپنے خلاف انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔

ای ڈی نے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی ایف آئی آر کی بنیاد پر وانکھیڑے کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ وانکھیڑے نے اداکار شاہ رخ خان سے ان کے بیٹے آریان خان کا نام کورڈیلیا کروز منشیات کیس میں شامل نہ کرنے کے لیے 25 کروڑ روپے طلب کیا تھا۔


اپنی عرضداشت میں آئی آر ایس افسر وانکھیڑے نے الزام لگایا ہے کہ ای ڈی نے ان کے خلاف جو مقدمہ قائم کیا ہے وہ دراصل ان کی جانب سے این سی بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل گیانیشور سنگھ کے خلاف دائر کردہ شکایت کا ’’جوابی دھماکہ‘‘ اور انتقامی کاروائی ہے۔ انہوں نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ ای ڈی کو اس وقت تک جانچ کرنے سے روکا جائے جب تک کہ ہائی کورٹ ان کی ایک اور درخواست کا فیصلہ نہیں کرتی جس میں انہو نے سی بی آئی کے ذریعہ ان کے خلاف درج کیس کو چیلنج کیا ہے۔ سمیر وانکھیڑے کی عرضداشت پر ١۵ فروری کو جسٹس پی ڈی نائک اور این آر بورکر کی ڈویژن بنچ کے وبرو سماعت متوقع ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔