سماجوادی پارٹی کے دو ایم ایل سی امیدواروں کا پرچہ نامزدگی منسوخ، اکھلیش یادو کا بی جے پی پر الزام

اتر پردیش قانون ساز کونسل کے انتخابات میں کاغذات نامزدگی کی جانچ کے دوران ایس پی کے دو امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منسوخ ہونے سے بی جے پی امیدواروں کے بلامقابلہ جیتنے کا راستہ صاف ہو گیا

اکھلیش یادو، تصویر یو این آئی
اکھلیش یادو، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: اتر پردیش قانون ساز کونسل کے انتخابات میں منگل کے روز کاغذات نامزدگی کی جانچ کی گئی، اس دوران سماجوادی پارٹی کے دو امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منسوخ ہو گئے، جس سے بی جے پی امیدواروں کے بلامقابلہ جیتنے کا راستہ صاف ہو گیا۔ انتظامیہ نے حلف نامہ نہ ہونے کی وجہ سے ایس پی کے دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منسوخ کئے ہیں۔

بی جے پی نے ان دونوں سیٹوں پر آشیش یادو اور اوم پرکاش سنگھ کو اپنا امیدوار بنایا ہے، جن کی بلامقابلہ جیت یقینی ہو گئی ہے۔ تاہم اس کا باضابطہ اعلان 24 مارچ کو ہوگا۔ اس کے علاوہ ’سبھاشوادی بھارتیہ سماج وادی پارٹی‘ کے امیدوار انوج کمار کے کاغذات نامزدگی بھی منسوخ کئے گئے ہیں۔ دریں اثنا، منگل کو کاغذات نامزدگی کی جانچ کے دوران ہنگامہ ہوا۔ اس کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔


ایس پی کا الزام ہے کہ کلکٹریٹ پہنچنے والے ایس پی امیدوار ادے ویر سنگھ اور راکیش یادو کو وہاں پہلے سے موجود بی جے پی کارکنوں نے گھیر لیا اور ان کی پٹائی کی، ان کے کپڑے بھی پھاڑ دیے گئے اور ان کی گاڑیوں میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی۔ اس واقعہ سے کلکٹریٹ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس سے پہلے نامزدگی کے آخری دن بھی ایس پی اور بی جے پی کے لوگوں میں جھڑپ ہوئی تھی۔

سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے ٹویٹ کے ساتھ اس ویڈیو کو شیئر کیا ہے۔ اس ویڈیو میں پولیس کی موجودگی میں ایس پی امیدواروں کو ایٹہ کے کلکٹریٹ احاطے میں داخل ہونے سے روکا جا رہا ہے اور بدسلوکی ہو رہی ہے۔ ٹوئٹ میں اکھلیش نے لکھا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں جمہوریت کی حفاظت کی توقع کرنا دن میں ستارے تلاش کرنے کے مترادف ہے۔ یہ طاقت اور تکبر کی انتہائی قابل مذمت شکل ہے، یا تو پرچہ بھرنے نہیں دیا جائے گا یا انتخابات اور نتائج کو متاثر کیا جائے گا۔ صرف شکست کے خوف کے سبب رائے عامہ کو کچلا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔