سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی ناہید حسن کو عدالت سے راحت، ایس ڈی او پر حملہ کے معاملہ میں الزامات سے بری

عدالت نے کیرانہ سے رکن اسمبلی ناہید حسن اور مزید ایک ملزم کو 4 سال پرانے جھنجھنا میں بجلی محکمہ کے ایس ڈی او پر حملے اور سرکاری کام میں رخنہ ڈالنے کے معاملے میں الزامات سے بری کر دیا

<div class="paragraphs"><p>والدہ تبسم حسن کے ساتھ رکن اسمبلی ناہید حسن کی فائل تصویر</p></div>

والدہ تبسم حسن کے ساتھ رکن اسمبلی ناہید حسن کی فائل تصویر

user

قومی آواز بیورو

شاملی: سماجوادی پارٹی کے ضلع شاملی میں کیرانہ سے رکن اسمبلی ناہید حسن اور ایک اور ملزم کو عدالت سے راحت ملی ہے۔ عدالت نے انہیں 4 سال پرانے جھنجھنا میں بجلی محکمہ کے ایس ڈی او پر حملے اور سرکاری کام میں رخنہ ڈالنے کے معاملے میں الزامات سے بری کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق خصوصی ایم پی/ایم ایل اے عدالت نے ثبوت کی عدم دستیابی کے بعد انہیں بری کرنے کا فیصلہ سنایا۔ خیال رہے کہ 11 جولائی 2019 کو محکمہ بجلی کے اس وقت کے ایس ڈی او ناظم احمد نے نامعلوم ملزمان پر قاتلانہ حملے اور سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں جھنجھنا تھانے میں مقدمہ درج کرایا تھا۔ ایس ڈی او کا کہنا تھا کہ جب وہ اپنی کار میں سکندر پور پاور اسٹیشن جا رہے تھے، راستے میں سوئفٹ ڈزائر کار نے اوور ٹیک کرے کے بعد ان کی کار کو روکا اور اس میں سوار 4 افراد نے ان کے سر پر ڈنڈوں سے حملہ کر دیا۔


ایس ڈی او کے مطابق حملہ آوروں نے ان کی گاڑی اور موبائل کو بھی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ ٹیکنیشن رویندر کمار بھی حملے میں زخمی ہوئے تھے۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف آئی پی سی کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا تھا۔ بعد ازاں پولیس کو دیے گئے اپنے بیانات میں ایس ڈی او نے بتایا کہ 19 جون 2019 کو صبح ان کی طرف سے چھاپہ مارا گیا تھا، جس میں 11 افراد کے خلاف بجلی چوری کی شکایت درج کرائی گئی تھی۔ الزام لگایا گیا کہ رکن اسمبلی ناہید حسن نے ایک صارف کے حق میں کارروائی نہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالتے ہوئے ناشائستہ زبان استعمال کی تھی۔ چنانچہ ایس ڈی او نے شبہ ظاہر کیا کہ ان پر حملہ ناہید حسن کی جانب سے کرایا گیا ہو سکتا ہے۔

بعد ازاں، پولیس کی جانب سے عدالت میں چارج شیٹ داخل کر دی گئی۔ استغاثہ کی جانب سے 6 گواہوں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ ایم ایل اے ناہید حسن اور دوسرے ملزم حیدر جمعہ کی شام عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور کاغذات کا جائزہ لینے کے بعد رکن اسمبلی ناہید حسن اور حیدر کو بری کر دیا۔ ایم ایل اے کے وکیل راشد علی چوہان نے بتایا کہ استغاثہ عدالت میں ثبوت پیش نہیں کرسکا جس پر عدالت نے ایم ایل اے ناہید حسن اور حیدر کو بری کر دیا۔ اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ایڈوکیٹ ستیندر دھریان نے ایم ایل اے ناہید حسن اور حیدر کو بری کرنے کی تصدیق کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔