سلمان خورشید انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے نئے صدر منتخب، مبارکبادیوں کا سلسلہ شروع

پدم شری پروفیسر اختر الواسع نے کہا کہ سلمان خورشید کا اسلامک سینٹر کا صدر منتخب ہونا ہندوستانی مسلمانوں کے مفاد میں بہتر ثابت ہوگا، میں پُرامید ہوں کہ وہ سینٹر کے وقار کو مزید بلند کرنے کا کام کریں گے

سلمان خورشید / قومی آواز/ وپن
سلمان خورشید / قومی آواز/ وپن
user

محمد تسلیم

نئی دہلی: ہندوستانی مسلمانوں کے باوقار ادارہ ’انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر‘ (آئی آئی سی سی) کے انتخابات میں سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید نے فتح کا پرچم لہرایا ہے۔ وہ سینٹر کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ سینٹر میں صدر سمیت مختلف عہدوں کے لیے گزشتہ 11 اگست کو ووٹنگ ہوئی تھی اور پھر مسلسل 3 دن تک جاری رہنے والی رائے شماری میں سلمان خورشید ابتداء سے ہی سبقت لئے ہوئے تھے جو تیسرے دن یعنی آخر تک جاری رہی۔ وہ دوسرے دن ہی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کر چکے تھے۔ انہوں نے 721 ووٹ حاصل کر کامیابی کا پرچم لہرایا۔ سابق صدر سراج الدین قریشی کے پینل کے امیدوار ڈاکٹر ماجد احمد تالی کوٹی کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا۔

سلمان خورشید انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے نئے صدر منتخب، مبارکبادیوں کا سلسلہ شروع

قابل ذکر ہے کہ سراج الدین قریشی گزشتہ چار مدت کار سے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کی باگ ڈور سنبھالے ہوئے تھے۔ رواں سال عمر 75 سال عبور ہونے پر وہ اس انتخابات میں حصہ نہیں لے پائے تھے، تاہم انہوں نے  ڈاکٹر ماجد احمد تالی کوٹی کو الیکشن میں بطور صدر امیدوار کھڑا کیا تھا، لیکن جب نتیجہ برآمد ہوا تو وہ سرفہرست تین امیدواروں میں بھی شامل نہ ہو پائے۔


اب چونکہ سلمان خورشید صدر منتخب ہو چکے ہیں تو ملک و بیرون ملک سے لوگوں کی مبارکباد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ سلمان خورشید کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پدم شری پروفیسر اختر الواسع نے کہا کہ سلمان خورشید کا اسلامک سینٹر کا صدر منتخب ہونا ہندوستانی مسلمانوں کے مفاد میں بہتر ثابت ہوگا۔ میں پُرامید ہوں کہ وہ سینٹر کے وقار کو ملک و بیرون ملک میں بلند کرنے کا کام کریں گے۔

ڈاکٹر اخترالواسع کا کہنا ہے کہ آج حتمی نتائج آئے ہیں، ہمیں نو منتخب پینل سے توقعات تو رکھنی چاہیے لیکن تھوڑا وقت بھی دینا چاہیے کیونکہ تبدیلی چند دنوں کا کام نہیں ہوتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی آئی سی سی کے انتخابات میں جتنے بھی صدارتی امیدوار تھے وہ سینٹر کے تئیں پوری طرح مخلص تھے، کسی نہ کسی کو تو انتخابات جیتنا ہی تھا۔ میں ایک بار پھر مبارکباد پیش کرتا ہوں سلمان خورشید اور مختلف عہدوں پر کامیاب ہونے والے فاتحین کو کہ وہ  سینٹر کے تئیں پوری ایمانداری اور شفافیت کے ساتھ کام کریں گے تاکہ قوم و ملت کو فائدہ ہو۔


سلمان خورشید کی کامیابی پر ڈاکٹر سید احمد خان نے کہا کہ ’’ہم سلمان خورشید کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، وہ تجربہ کار لیڈر ہیں اور مختلف حالات سے واقفیت رکھتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ سلمان خورشید کی صدارت میں مسلمانوں کی حقیقی تصویر پیش کی جائے، نیز برادران وطن کے ساتھ تال میل برقرار کیا جائے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’جو اسلامی روایات ہے اس کو صحیح طریقہ سے پیش کیا جانا چاہیے۔ سینٹر کے ذریعے مسلمانوں میں تعلیم کے تئیں بیداری بھی پیدا کی جائے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ سلمان خورشید کی سربراہی میں سینٹر کے اغراض و مقاصد کو آگے لے جایا جائے گا۔‘‘

بہرحال، سینٹر کے نائب صدر عہدہ کے لئے علی گڑھ کے سابق میئر فرقان احمد نے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے 362 ووٹ حاصل کیے اور بدرالدین خاں پر سبقت حاصل کی۔ بورڈ آف ٹرسٹیز کے لئے کامیاب ہونے والے امیدواروں میں ابوذر حسنین، ایس ایم خاں، قمر احمد (سابق آئی پی ایس)، سکندر حیات خاں، خواجہ ایم شاہد، سراج قریشی (سابق صدر اسلامک کلچرل سنٹر) اور فرخ ناز شامل ہیں۔ مجلس عاملہ کے فاتح امیدواروں میں پروفیسر شمامہ احمد، شاہانہ بیگم، شاہد علی خاں اور ارمان احمد خاں شامل ہیں۔ سراج قریشی کے پینل کے علاوہ تیسرا پینل ابرار احمد کا، چوتھا پینل آصف حبیب کا اور پانچواں پینل سابق آئی اے ایس افسر افضل امان اللہ کا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔