مالیگاؤں دھماکہ معاملہ: عدالت کی سخت تنبیہ کے بعد پیش ہوئی پرگیہ ٹھاکر، سماعت میں باقاعدگی سے پیش ہونے کی ہدایت

عدالت نے پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو ٹرائل میں باقاعدگی سے حصہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ گزشتہ ماہ عدالت نے کارروائی کے دوران حاضر نہ ہونے پر پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے خلاف 10 ہزار روپے کا ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا

<div class="paragraphs"><p>پرگیہ ٹھاکر/ سوشل میڈیا</p></div>

پرگیہ ٹھاکر/ سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

ممبئی: مدھیہ پردیش کے بھوپال سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر ممبئی کی ایک خصوصی عدالت میں 2008 کے مالیگاؤں بم دھماکہ کیس میں اپنا حتمی بیان ریکارڈ کرانے کے لیے پیش ہوئیں۔ وہ معاملہ میں حاضر نہیں ہو رہی تھی، جس پر خصوصی عدالت نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر پرگیہ ٹھاکر 25 اپریل کو پیش نہیں ہوئیں تو انہیں کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مالیگاؤں بم دھماکہ کیس کی ملزمہ پرگیہ ٹھاکر خرابی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے کئی بار عدالت میں حاضر نہیں ہوئی تھیں۔ عدالت نے سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو کل سے مقدمے کی کارروائی کے دوران مستقل طور پر حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔ سادھوی کے وکیل نے ایک بار پھر عدالت میں ان کی خراب صحت کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرائل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

عدالت کے کمرے سے باہر آتے ہوئے سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ میں جسمانی طور پر بہت بیمار ہوں، میری صحت بہت زیادہ خراب ہے، میں کھڑی نہیں ہو پاتی ہوں۔ میں نے اپنا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔ اس کے باوجود جب تک میرا جسم ساتھ دے گا، میں لڑتی رہوں گی۔ میں ٹرائل میں حصہ لوں گی۔ عدالت میں پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی یہ پیشی عدالت کے ہی حکم پر ہوئی ہے۔ اس سے قبل عدالت نے انہیں آخری موقع یا مناسب کارروائی کے طور پر بیماری کی وجہ سے حاضری سے استثنیٰ دیا تھا۔ عدالت نے اسے 25 اپریل یا اس سے پہلے عدالت میں حاضر ہونے اور سماعت کی کارروائی میں حصہ لینے کے لیے کہا تھا۔


ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت نے پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو ٹرائل میں باقاعدگی سے حصہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ گزشتہ ماہ عدالت نے عدالتی کارروائی کے دوران حاضر نہ ہونے پر پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے خلاف 10 ہزار روپے کا ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا۔ اس کے بعد پرگیہ کے وکیل نے عدالت کو ملزمہ کی طبیعت کی ناسازی کی اطلاع دی تھی اور بتایا تھا کہ وہ عدالتی کارروائی میں شریک نہیں ہو سکتی۔ اس وارنٹ کو 22 مارچ کو پرگیہ سنگھ کے عدالت میں پیش ہونے کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔ عدالت نے اس ماہ این آئی اے کو ملزمہ کی صحت کی تصدیق کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کی غیر موجودگی کارروائی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

واضح رہے کہ 29 ستمبر 2008 کو مہاراشٹر کے ناسک شہر کے مالیگاؤں میں موٹر سائیکل میں رکھے ہوئے دھماکہ خیز مواد میں دھماکہ ہوا تھا۔ اس حادثے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ اس کی تفتیش اس وقت کی مہاراشٹر کی اے ٹی ایس نے کی تھی جس نے سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر اس معاملے میں اہم ملزم قرار دیا تھا۔ اے ٹی ایس کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جس موٹر سائیکل پر دھماکہ ہوا تھا وہ پرگیہ سنگھ ٹھاکر کا ہی تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔