رام مندر کے نام پر 21 فروری کو سادھو چمٹا تقسیم کریں گے اور بی جے پی فساد کرائے گی: یو پی وزیر

اوم پرکاش راجبھر نے راجبھر نے امریکہ کی ایک خفیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی ہندوستان میں فساد کرا سکتی ہے اور وہ اقتدار حاصل کرنے کے لیے اس سے باز نہیں آئے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے قومی صدر اور یوگی حکومت میں وزیر اوم پرکاش راجبھر نے اپنی ہی حکومت پر فساد برپا کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کیا ہے۔ راجبھر نے امریکہ کی ایک خفیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی ہندوستان میں فساد کرا سکتی ہے اور وہ اقتدار حاصل کرنے کے لیے اس سے باز نہیں آئے گی۔

اوم پرکاش راجبھر نے یو پی کے بانس ڈیہہ واقع سید پور گاؤں میں ریلی سے خطاب کے دوران اپنا یہ نظریہ بیان کیا اور واضح لفظوں میں یہاں تک کہہ دیا کہ ’’آئندہ 21 فروری کو سادھو رام مندر کے نام پر لوگوں میں چمٹا تقسیم کریں گے اور بی جے پی فساد برپا کرنے کا کام کرے گی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’محتاط رہیے کیونکہ یہ خطرناک لوگ ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ سبھی امن اور اتحاد کے ساتھ رہیں۔ بی جے پی کے لوگ ووٹ حاصل کرنے کے لیے کچھ بھی کرا سکتے ہیں۔‘‘

عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے راجبھر نے بی جے پی کی پالیسیوں اور اس کی فرقہ پرست سیاست کو پرزور طریقے سے تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی آزادی کے 72 سال بعد بھی تعلیم اور روزگار میں یکسانیت نہیں ہے اور بی جے پی حکومت وعدہ کرنے کے باوجود اس طرف کوئی دھیان نہیں دے رہی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے راجبھر نے کہا کہ ’’وہ گجرات ماڈل کرتے کرتے پی ایم بن گئے تو اب گجرات کا شراب ماڈل گجرات میں نافذ کر کے اس پر پابندی عائد کیوں نہیں کرواتے۔‘‘ کمبھ میلہ اور اس دوران گنگا کے پراگندہ ہونے کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’کمبھ نہانے سے پاپ نہیں ختم ہوتے۔ اس کے لیے اچھے کام کرنے ہوتے ہیں۔ گنگا میں جب آپ جا کر گندگی صاف کرو گے تو گنگا صاف کیسے رہ پائے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔