حیدر آباد میں 19 اور 20 اکتوبر کو ’صدائے امّت کانفرنس‘
مسلم یوتھ موومنٹ کے صدر محمد مشتاق ملک نے بتایا کہ ہندوستان کی بہت سی ریاستوں کے مندوبین اتحاد ملت، تحفظ شریعت، موب لنچنگ اور نصاب میں تبدیلیوں کے سوال پر صلاح مشورہ کے لئے جمع ہو رہے ہیں
حیدرآباد: شہر میں ماہ رواں کے تیسرے ہفتے میں مسلمانوں کو در پیش مسائل پر تبادلہ خیال کے لئے دو دن کی ایک کانفرنس منعقد ہوگی جس میں مقامی اور غیر مقامی علما مشائخ، آئمہ کے علاوہ ملک بھر سے آئے ہوئے 40سے زیادہ دانشور، صحافی،اسکالر،اساتذہ،وکلا اور سماجی و ملی زندگی میں دہائیوں سے مصروف کارکن شرکت کریں گے۔یہ بات تحریک مسلم شبان (مسلم یوتھ موومنٹ)کے صدر محمد مشتاق ملک نے آج یہاں بتائی۔
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مشتاق ملک نے بتایا کہ ہندوستان کی بہت سی ریاستوں کے مندوبین اتحاد ملت، تحفظ شریعت،موب لنچنگ اور نصاب میں تبدیلیوں کے سوال پر صلاح مشورہ کے لئے جمع ہو رہے ہیں اور اس کا پورا امکان ہے کہ ملت کے لئے ایک ذمہ دارانہ لائحہ عمل تیار کیا جا سکے گا جس کا بنیادی مقصدموجودہ حالات میں اپنی بقا کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدائے امت کانفرنس کی تیاریاں جاری ہیں۔ دو دن کا یہ اجلاس 20 اکتوبر کی رات شہر کے نمائش میدان میں ایک جلسہ عام پر اختتام پذیر ہوگا جس میں متعدد سیاسی لیڈران بھی شرکت کریں گے۔
انڈیا اگینسٹ ویسٹیج آف ویلڈ ووٹس کے کنوینر اور صدائے امت کانفرنس کی مندوبین رابطہ کمیٹی کے کنوینر جہانگیر عادل (علیگ)نے بتایا کہ مختلف ریاستوں سے 40سے زیادہ مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Oct 2019, 4:36 PM