مدھیہ پردیش: عید میلادالنبی پر کئی اضلاع میں ہنگامہ، دھار کے بعد جبل پور اور بڑوانی میں حالات کشیدہ

بڑوانی کے راجپور علاقے میں نکل رہے جلوس کے دوران تنازعہ ہو گیا، یہاں نکالے جا رہے جلوس کے دوران ایک فریق کے ذریعہ متنازعہ گانا بجائے جانے پر دو فریق آمنے سامنے آ گئے اور پھر خوب پتھراؤ ہوا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش میں منگل کو عید میلاد النبی کے موقع پر کئی اضلاع میں خوب ہنگامہ ہوا۔ اس دوران کئی مقامات پر شرپسندوں نے پتھراؤ بھی کیا جس میں متعدد لوگ زخمی ہو گئے۔ جبل پور، دھار اور بڑوانی میں تو فرقہ وارانہ خیر سگالی کو بگاڑنے کی کوششیں بھی ہوئیں۔ ریاست میں کورونا وبا کے سبب عوامی انعقاد کو طے تعداد کے ساتھ انتظامیہ اجازت دے رہا ہے۔ عید میلاد النبی کے موقع پر انعقادوں کو امن کے ساتھ اختتام کو پہنچانے کے لیے جبل پور میں تعینات پولیس پر کچھ لوگوں نے پتھراؤ کر دیا۔

یہ واقعہ کوتوالی تھانہ حلقہ کے گوہل پور مارگ واقع مچھلی بازار علاقہ میں ہوا۔ یہاں پٹاخے پھوڑ رہے لوگوں نے پولیس پر ہی پتھراؤ کر دیا۔ پتھراؤ کر رہی بھیڑ پر قابو پانے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کرنے کے ساتھ آنسو گیس کے گولے بھی چھوڑے۔ اس پتھراؤ میں کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ بھگدڑ مچنے سے بڑی تعداد میں لوگ جوتے اور چپل چھوڑ کر بھاگے۔


اسی طرح بڑوانی کے راج پور علاقے میں نکل رہے جلوس کے دوران تنازعہ ہو گیا۔ یہاں بغیر اجازت کے جلوس نکالا جا رہا تھا۔ اسی دوران ایک فریق کے ذریعہ متنازعہ گانا بجائے جانے پر دو فریق آمنے سامنے آ گئے اور خوب پتھراؤ ہوا۔ اس پتھراؤ میں کئی دکانوں کو نقصان پہنچا اور کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔

ایک دیگر واقعہ دھار ضلع میں پیش اایا۔ یہاں بھی عید میلاد النبی کے جلوس کے دوران ہنگامہ برپا کرنے کی کوششیں ہوئیں۔ یہاں نکل رہا جلوس اُٹاود دروازہ علاقہ میں پہنچا تبھی کچھ لوگوں نے پولیس کے ذریعہ لگائے گئے بیریکیڈس کو ہٹانے کی کوشش کی۔ ان لوگوں کو پولیس نے طاقت کے زور پر روکا، اس کے بعد بھی کچھ لوگ نہیں مانے تو پولیس نے لاٹھی چارج کا استعمال کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔