مہاراشٹر: نواب ملک کی اجیت پوار سے ’دوستی‘ پر برسراقتدار اتحاد میں ہلچل، بی جے پی کا اظہارِ ناراضگی
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اجیت پوار کو خط لکھ کر نواب ملک کے شیوسینا (شندے گروپ)-بی جے پی-این سی پی (اجیت پوار گروپ) اتحاد میں شرکت کی مخالفت کی ہے۔
مہاراشٹر کے سابق وزیر نواب ملک کے اجیت پوار کی قیادت والے این سی پی گروپ میں شامل ہونے کی خبر نے مہاراشٹر کی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ حالات کچھ ایسے بن گئے ہیں کہ ریاست میں برسراقتدار اتحاد شیوسینا (شندے گروپ)-بی جے پی-این سی پی (اجیت پوار گروپ) یعنی ’مہایوتی اتحاد‘ میں ہنگامہ پیدا ہو گیا ہے۔ بی جے پی لیڈر اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اجیت پوار کو خط لکھ کر ملک کو مہایوتی اتحاد میں شامل کرنے کی مخالفت کی ہے۔
دیویندر فڑنویس نے اپنے ہم منصب اجیت پوار کو ایک خط لکھ کر نواب ملک کے شیوسینا-بی جے پی-این سی پی اتحاد میں شامل کیے جانے پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جس طرح کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں، اسے دیکھتے ہوئے انھیں مہایوتی اتحاد میں شامل کرنا مناسب نہیں۔
فڑنویس نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ایک رکن اسمبلی کے طور پر ایوان میں حاضری نواب ملک کا حق ہے اور انھوں نے جمعرات کو کارروائی میں حصہ بھی لیا۔ اس ایشو پر اپنے اعتراضات پر فڑنویس نے شروع میں ہی واضح کر دیا کہ ان کے ذہن میں نواب ملک کے خلاف کوئی ذاتی دشمنی یا رنجش نہیں ہے۔ لیکن ان کے اوپر جس طرح کے الزامات لگے ہیں، انھیں دیکھتے ہوئے اتحاد میں شامل کرنا مناسب نہیں ہوگا۔
مبینہ منی لانڈرنگ معاملے میں 18 ماہ تک جیل میں رہے مہاراشٹر کے سابق وزیر نواب ملک آج نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی قیادت والے این سی پی گروپ میں شامل ہو گئے۔ جمعرات کی صبح نواب ملک مہاراشٹر قانون سازیہ کے سرمائی اجلاس کے لیے ناگپور گئے اور وِدھان بھون احاطہ میں اجیت پوار کے گروپ میں شامل ہو گئے۔ اسے این سی پی پر دعوے کی لڑائی میں مصروف شرد پوار کے لیے ایک زبردست جھٹکا مانا جا رہا ہے، کیونکہ نواب ملک ان کے بے حد قریبی لیڈروں میں سے ایک تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔