شہریت ترمیمی بل پاس ہونے پر آر ایس ایس کا اظہار مسرت، مودی-شاہ کو کہا ’شکریہ‘

آر ایس ایس نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے حکومت کے لئے جرأت مندانہ اقدام قرار دیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے جمعرات کو پہلی بار لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ذریعہ منظور کردہ شہریت ترمیمی بل (سی اے بی) کے معاملے پر باضابطہ طور پر بیان جاری کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ آر ایس ایس نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے حکومت کے لئے جرات مندانہ اقدام قرار دیا۔

آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے نائب سریش بھیا جی جوشی نے اپنے بیان میں کہا، ’’شہریت ترمیمی قانون کی قرارداد لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں پیش کی گئی اور اسے اکثریت سے منظور کر لیا گیا۔ اس پہل اور جرأت اقدام کے لئے مرکزی حکومت اور خاص طور پر وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا دلی استقبال کرتے ہیں، ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔


انہوں نے مزید کہا، ’’جب ملک تقسیم ہوا تو اس وقت مذہبی بنیادوں پر ہی تقسیم کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ جبکہ ہندوستان کی ذہنیت اس طرح کی مذہبی ریاست کا تصور نہیں ہے لیکن اسی مسئلے پر ملک تقسیم ہوا اور اس وقت کی ملک کی قیادت نے اسے قبول کر لیا۔‘‘

بھیاجی جوشی نے کہا، ’’اگر یہ تقسیم مذہب کی بنیاد پر نہیں ہوئی ہوتی تو بعد میں جو تمام قسم کے واقعات بھی رونما نہیں ہوتے لیکن جب یہ تقسیم ہوئی تو پاکستان اور بنگلہ دیش نے خود کو اسلامی قوم قرار دیا۔ اسی وقت اس کا اندیشہ پیدا ہو گیا تھا کہ وہاں رہنے والی اقلیتوں کا مقام کیا ہوگا؟ اس وقت دونوں حکومتوں کے مابین طے پانے والے معاہدے میں کہا گیا تھا کہ اسلامی ریاست ہونے کے بعد بھی، کسی اقلیتی برادری کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک یا ناانصافی نہیں ہو گی لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا اور وہاں بڑی تعداد میں رہنے والا ہندو سماج کئی طرح کی مصیبتوں کا شکار بنتا گیا۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ سی اے بی کو بدھ کی شب کو راجیہ سبھا سے منظور کر لیا گیا۔ جبکہ اس سے پہلے لوک سبھا سے یہ بل منظور ہو گیا تھا۔ اس بل کے تحت پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش سے پریشان ہو کر ہندوستان آنے والے غیر مسلم افراد کو ہندوستانی شہریت دینے کا انتظام کیا گیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔