موہن بھاگوت نے عوام کے زَخموں پر کی نمک پاشی، کہا ’ہندوستان میں سب ٹھیک چل رہا‘
آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے ذریعہ ’ملک میں سب اچھا ہو رہا ہے‘ والا بیان حال ہی میں پی ایم مودی کے ذریعہ دیے گئے بیان کی یاد دلا گیا۔ امریکہ میں پی ایم مودی نے کہا تھا کہ ہندوستان میں سب ٹھیک ہے۔
برائی پر اچھائی کی جیت کا تہوار دسہرا ملک بھر میں دھوم دھام سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک میں الگ الگ تقاریب کا انعقاد ہو رہا ہے۔ آر ایس ایس نے بھی ناگپور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئےآر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ ملک میں گزشتہ کچھ دنوں سے سب کچھ اچھا ہو رہا ہے۔ ملک میں سخت اور ہمت والا فیصلہ لینے والی حکومت ہے۔ انھوں نے جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کو بھی مضبوط قدم بتایا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ چندریان-2 نے دنیا میں ہندوستان کی عزت بڑھائی ہے۔
موہن بھاگوت نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ گزشتہ کچھ سالوں میں ملک میں تبدیلی آئی ہے۔ ملک کی سوچنے کی سمت بھی بدلی ہے۔ مودی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس کو (مودی حکومت کو) نہ چاہنے والے لوگ دنیا میں بھی ہیں اور بھارت میں بھی۔ بھارت کو بڑھتا ہوا دیکھنا جن کے مفاد کے لیے خوف پیدا کرتا ہے، ایسی طاقتیں بھی ہندوستان کو مضبوط اور طاقتور ہونے دینا نہیں چاہتی ہیں۔
آر ایس ایس سربراہ نے موب لنچنگ سے متعلق بھی اپنا رد عمل خطاب کے دوران دیا۔ انھوں نے کہا کہ "موب لنچنگ جیسے واقعات سے آر ایس ایس کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ موب لنچنگ کو لے کر قانون بنایا جانا چاہیے۔" انھوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے واقعات پیش کر کے ملک اور ہندو سماج کے خلاف سازش تیار کی جا رہی ہے۔
جہاں تک موہن بھاگوت کے بیان 'ملک میں سب کچھ اچھا ہو رہا ہے' کا سوال ہے، تو یہ پی ایم مودی کے ذریعہ گزشتہ دنوں امریکہ میں دیے گئے بیان کی یاد دلاتا ہے۔ امریکہ کے ٹیکساس میں ہاوڈی مودی پروگرام میں این آر آئی سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے ملک کی کئی زبانوں میں کہا تھا کہ ہندوستان میں سب کچھ اچھا ہے۔ ان کے اس بیان کی پورے ملک میں سخت مذمت ہوئی تھی اور اب آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے بھی کچھ اسی طرح کا بیان دیا ہے۔ آر ایس ایس سربراہ نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا ہے جب ملک میں کچھ بھی اچھا ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 08 Oct 2019, 11:58 AM