مغربی بنگال : انتخابی ہلچل کے درمیان موہن بھاگوت کی متھن چکرورتی سے ملاقات
فلم اداکار متھن چکرورتی کا تعلق ترنمول کانگریس سے رہا ہے اور وہ مغربی بنگال سے راجیہ سبھا رکن رہ چکے ہیں۔ ممتا بنرجی نے ہی متھن چکرورتی کو راجیہ سبھا بھیجا تھا۔
ممبئی: ایک طرف مغربی بنگال میں سیاسی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں، اور دوسری طرف آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت کی بالی ووڈ کے سینئر اداکار متھن چکرورتی سے ملاقات نے ماحول کو مزید گرم کر دیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق موہن بھاگوت نے متھن چکرورتی سے ممبئی واقع ان کے گھر پر ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد متھن نے کہا کہ گہرے روحانی رشتوں کی وجہ سے یہ ملاقات ہوئی ہے۔ حالانکہ مغربی بنگال اسمبلی انتخاب کے پیش نظر اس ملاقات کو بہت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
یہاں قابل ذکر ہے کہ متھن چکرورتی کا تعلق ترنمول کانگریس سے رہا ہے اور وہ مغربی بنگال سے راجیہ سبھا رکن رہ چکے ہیں۔ ممتا بنرجی نے ہی متھن چکرورتی کو راجیہ سبھا بھیجا تھا۔ لیکن طبیعت خراب رہنے اور لگاتار ایوان میں غیر حاضر رہنے کی وجہ سے 2016 میں انھوں نے دو سال بعد خود ہی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ چونکہ بی جے پی ترنمول کانگریس کے کئی سرکردہ لیڈروں کو اپنی پارٹی میں شامل کر چکی ہے اور مغربی بنگال کے زیادہ سے زیادہ اہم چہروں کو پارٹی میں شامل کرنا چاہتی ہے، اس لیے موہن بھاگوت سے متھن چکرورتی کی ملاقات کے بعد ایسی قیاس آرائیاں بھی شروع ہو گئی ہیں کہ متھن بی جے پی کا دامن تھام سکتے ہیں۔
جہاں تک موہن بھاگوت اور متھن چکرورتی کی تازہ ملاقات کی بات ہے، متھن کا کہنا ہے کہ ’’موہن بھاگوت جی سے ہماری بات ہوئی تھی کہ جب بھی وہ ممبئی آئیں گے تو ضرور ملیں گے۔ وہ مجھے اور میری فیملی کو بہت پیار کرتے ہیں، اس لیے مجھ سے ملنے آئے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’اس ملاقات کا سیاست سے دور دور تک کوئی بھی لینا دینا نہیں ہے۔‘‘ ویسے بھاگوت اور متھن کی 2019 میں بھی ایک ملاقات ہو چکی ہے، اور اس وقت متھن نے ناگپور واقع آر ایس ایس دفتر کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران متھن نے وہاں کے مندر میں گلہائے عقیدت بھی پیش کیے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 16 Feb 2021, 4:11 PM