’آر ایس ایس-بی جے پی ملک کا ماحول خراب کر رہی‘، راہل کا مودی حکومت پر حملہ

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ملک کے موجودہ حالات کے لیے بی جے پی اور آر ایس ایس کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے، راہل گاندھی نے الزام عائد کیا ہے کہ آر ایس ایس-بی جے پی ملک کا ماحول خراب کرنے میں لگی ہے۔

راہل گاندھی / تصویر ٹوئٹر @INCIndia
راہل گاندھی / تصویر ٹوئٹر @INCIndia
user

قومی آواز بیورو

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ملک کے موجودہ حالات کے لیے بی جے پی اور آر ایس ایس کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ راہل گاندھی نے الزام عائد کیا ہے کہ آر ایس ایس-بی جے پی ملک کا ماحول خراب کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ کانگریس لیڈر کا کہنا ہے کہ ملک اس وقت فرقہ وارانہ فسادات سے نبرد آزما ہے، اور ایسے وقت میں کانگریس پارٹی ملک کے لوگوں کو جوڑنے کا کام کر رہی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ صرف کانگریس پارٹی ہی ہے جو ملک کے لوگوں کو جوڑنے کا کام کرتی ہے، جب کہ آر ایس ایس اور بی جے پی ملک کے لوگوں کو فساد میں دھکیلنا چاہتی ہیں۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کا یہ بیان نوپور شرما سے متعلق سپریم کورٹ کے تلخ تبصرے کے بعد سامنے آیا ہے۔ دراصل آج ایک معاملے کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے نوپور شرما کو سخت پھٹکار لگائی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ ’’اسے (نوپور شرما) دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے یا وہ سیکورٹی کے لیے خطرہ بن گئی ہے؟ جس طرح سے اس نے ملک بھر میں جذبات کو بھڑکایا ہے، وہ تنہا ہی ملک میں جو ہو رہا ہے اس کے لیے ذمہ دار ہے... ہم نے اس پر بحث دیکھی ہے کہ اسے کیسے اکسایا گیا تھا۔ لیکن جس طرح سے اس نے یہ سب کہا اور بعد میں کہا کہ وہ ایک وکیل ہے، یہ شرمناک ہے۔ انھیں پورے ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔‘‘


واضح رہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی جمعہ کو اپنے لوک سبھا حلقہ وائناڈ کے تین روزہ دورہ پر کیرالہ پہنچے ہیں۔ راہل گاندھی وائناڈ واقع اپنے دفتر کو بھی دیکھنے پہنچے جہاں 24 جون کو ایس ایف آئی کارکنان نے توڑ پھوڑ کی تھی۔ اس دوران دفتر میں کام کرنے والے لوگوں پر بھی حملہ کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔