آر ایس ایس کی ذیلی تنظیم ’مسلم راشٹریہ منچ‘ افطار اور عید ملن کی میزبانی کرے گی
آر ایس ایس کی ذیلی تنظیم مسلم راشٹریہ منچ ملک اور بیرون ملک رکن سازی مہم شروع کرنے جا رہی ہے اور اس کے لیے رمضان کے دوران بڑے پیمانے پر افطار اور عید ملن تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا
نئی دہلی: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی ذیلی تنظیم مسلم راشٹریہ منچ ملک اور بیرون ملک رکن سازی مہم شروع کرنے جا رہی ہے اور اس کے لیے رمضان کے دوران بڑے پیمانے پر افطار اور عید ملن تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
منچ کے سرپرست اندریش کمار نے اتوار کے روز تمام شعبوں کے سربراہان کے ساتھ میٹنگ کی۔ خطاب کرتے ہوئے اندریش کمار نے کہا کہ کارکنوں کی تعداد میں اضافہ اور معاشرے میں اتحاد، خیر سگالی اور بھائی چارے کو مضبوط کرنے کے لیے اس رمضان ملک بھر میں منچ کے کارکنان کم از کم ایک دن بڑے پیمانے پر افطار کا اہتمام کریں گے۔ ان میں سنگھ کے سینئر لیڈروں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
اندریش کمار نے کہا کہ وہ خود سنگھ کی مرکزی قیادت سے درخواست کریں گے کہ وہ اپنے اپنے مقامات پر افطار میں شرکت کے لیے وقت اور تاریخ طے کریں۔ انہوں نے کہا کہ افطار اور عید ملن کی تقریبات کا مقصد معاشرے کے تمام طبقوں، برادریوں کو جوڑنا ہے تاکہ اس مقدس مہینے میں ملک بھر کے لاکھوں لوگوں تک محبت کا پیغام پہنچ سکے۔
اندریش کمار نے کہا کہ افطار کے وقت سبھی کے ہاتھوں میں ترنگا ہوگا جس سے یہ پیغام ملے گا کہ جس طرح امت مسلمہ کے آخری پیغمبر حضرت محمد صلعم نے مسلمانوں کو ایمان اور محبت کا پیغام دیا تھا، اس پر ملک کا ہر مسلمان پورا ؤایمان رکھتا ہے۔ روزہ افطار کی طرح عید ملن کی تقریب بھی ہوگی جو ملک بھر میں امن اور خیر سگالی کا پیغام دے گی۔ انہوں نے کہا کہ منچ کا کام تمام مذاہب، برادریوں، طبقوں اور ذاتوں کو نامساعد حالات میں بھی تحمل کے ساتھ، سب کو ساتھ لے کر چلنے کا ہے اور منچ بلا تفریق یہ کام کرتا وہے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔