’یو پی ایس سی کی تیاری کر رہے طلبا کو دیے جائیں گے 7500 روپے‘، اودے ندھی کا اعلان
اودے ندھی نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2016 میں مرکزی حکومت کی ملازمتیں حاصل کرنے میں تمل ناڈو کے نوجوانوں کی تعداد 10 فیصد تھی، لیکن اب یہ گھٹ کر محض 5 فیصد رہ گئی ہے۔
تمل ناڈو حکومت نے یو پی ایس سی کی تیاری کر رہے طلبا کے لیے آج ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ تمل ناڈو حکومت میں وزیر اودے ندھی اسٹالن نے ہفتہ کے روز کہا کہ سول سروس کی تیاری کر رہے امیدواروں کو وظیفہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت 1000 طلبا کو 10 ماہ کے لیے 7500 روپے کی مالی امداد کرے گی تاکہ ان کو امتحان کی تیاری کرنے میں مدد مل سکے۔
وزیر برائے فلاح نوجواں و ترقی کھیل اودے ندھی اسٹالن نے کہا کہ ’’دراوڑ ماڈل کا مقصد یو پی ایس سی، انڈین بینک سروس، ریلوے وغیرہ کی ملازمت کو حاصل کرنا ہے۔ پیریار انّا اور کروناندھی نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کام کیا ہے۔ اسی طرح سے موجودہ وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن بھی اسی سمت میں کام کر رہے ہیں۔‘‘
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق اودے ندھی کا کہنا ہے کہ ’’ہماری نان مدھلون اسکیم بہت اچھی ہے جس سے 13 لاکھ طلبا مستفید ہوئے اور 1.5 لاکھ طلبا کو ملازمت بھی حاصل ہوئی ہے۔ نوجوانوں کو مرکزی حکومت کی ملازمتیں ملنی چاہئیں۔ یہ نان مدھلون اسکیم نوجوانوں کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے میں مددگار ہوگی۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ تمل ناڈو میں ریاستی حکومت کی طرف سے کئی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اس کے باوجود ریاست کے نوجوانوں کی شراکت داری مرکزی حکومت کی ملازمت میں کم ہوئی ہے۔ تمل ناڈو ریاست کے نوجوانوں کا یو پی ایس سی امتحان میں کامیابی کا فیصد بہت کم ہو گیا ہے جو کہ بے حد حیران کرنے والا ہے۔ اودے ندھی نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2016 میں مرکزی حکومت کی ملازمتیں حاصل کرنے میں تمل ناڈو کے نوجوانوں کی تعداد 10 فیصد تھی، لیکن اب یہ گھٹ کر محض 5 فیصد رہ گئی ہے۔
اعداد و شمار پیش کیے جانے کے بعد اودے ندھی اسٹالن نے فکر کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے حالات کو دیکھتے ہوئے یو پی ایس سی کی تیاری کرنے والے امیدواروں کے لیے ٹریننگ سنٹر شروع کیے ہیں۔ اتنا ہی نہیں، 1000 طلبا کو 10 ماہ کے لیے مالی امداد کے طور پر 7500 روپے دینے جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔