ٹی آر پی گھوٹالہ معاملہ میں رومیل رام گڑھیا کو ممبئی پولس نے کیا گرفتار
ٹی آر پی گھپلے کی تحقیقات میں بارک کے سابق ’سی او او‘ رام گڑھیا کی گرفتاری اس ادارہ سے منسلک افراد کی پہلی گرفتاری ہے، جب کہ مجموعی طور پر اب تک ممبئی پولس نے 14 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔
ممبئی: ممبئی پولس نے جمعرات کو مبینہ ٹی آر پی (ٹیلی ویژن ریٹنگ پوائنٹ) گھوٹالہ معاملے میں ملوث براڈکاسٹ آڈینس ریسرچ کونسل (بی اے آر سی) کے سابق چیف آپریٹنگ آفسر (سی او او) رومیل رام گڑھیا کو گرفتار کر لیا ہے۔ ٹی آر پی گھپلے کی تحقیقات میں یہ چودہویں گرفتاری ہے، لیکن بی اے آر سی کا یہ پہلا معاملہ ہے اور 13 دسمبر کو ریپبلک ٹی وی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وکاس کھنچندانی کی گرفتاری کے محض پانچ دن بعد یہ گرفتاری ہوئی ہے۔ وکاس کو 15 دسمبر تک تحویل میں لیا گیا تھا اور 16 دسمبر کو اسے ضمانت مل گئی تھی۔
واضح ر ہے کہ بارک (بی اے آر سی) کے ذریعہ ہنسا ریسرچ ایجنسی کےتوسط سے کچھ چینلز کے خلاف ٹی آر پی میں دھاندلی کرنے کی شکایت درج کرائے جانے کے بعد پولس نے مبینہ گھپلے کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ کچھ گھروں میں مشینوں کے ذریعے ناظرین کی تعداد کا پتہ لگاکر، ٹی آر پی کی پیمائش کی جاتی ہے۔ بارک ٹی وی چینلز کے لئے ہفتہ وار ریٹنگ جاری کرتا ہے، جو مشتہرین کو راغب کرنے کے لئے اہم ہوتے ہیں۔
الزام ہے کہ کچھ گھروں میں جہاں بار او میٹر نصب تھے ، کچھ خاندانوں کو رشوت دے کر ٹی وی پر کچھ خصوصی چینلز کوچلانے کے لئے کہا گیا تھا تاکہ وہ اپنی ٹی آر پی بڑھا سکیں۔ تاہم ریپبلک ٹی وی نے ان الزامات کی تردید کی اور ممبئی پولس پر چینل اور اس کے عہدیداروں کو ہراساں کرنے کا الزام لگایا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔