بہار: شیام رجک کے بیان سے مچی ہلچل، 17 جے ڈی یو اراکین اسمبلی آر جے ڈی کے رابطے میں!
آر جے ڈی لیڈر شیام رجک نے دعویٰ کیا ہے کہ 17 جے ڈی یو اراکین اسمبلی بی جے پی کے طریقہ کار سے بے حد ناراض ہیں اور وہ آر جے ڈی میں شامل ہونا چاہتے ہیں، لیکن فی الحال انھیں روکا گیا ہے۔
بہار میں نتیش حکومت پر خطرہ لگاتار منڈلا رہا ہے اور یہ خطرہ ہماچل پردیش میں جے ڈی یو اراکین اسمبلی کے بی جے پی میں شامل ہونے سے مزید بڑھ گیا ہے۔ ہماچل پردیش میں جو سیاسی ہلچل ہوئی ہے، اس نے بہار کی سیاست میں بھی ہلچل مچا دی ہے اور کئی آر جے ڈی لیڈروں نے جلد ہی جے ڈی یو اور بی جے پی کا رشتہ بہار میں ٹوٹنے کی پیشین گوئی کر دی ہے۔ اس درمیان آر جے ڈی لیڈر شیام رجک کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس نے ظاہر کر دیا ہے کہ ریاست میں موجودہ این ڈی اے حکومت زیادہ دن نہیں چلنے والی۔
دراصل شیام رجک نے دعویٰ کیا ہے کہ جے ڈی یو کے 17 اراکین اسمبلی بہار میں نتیش کمار کی حکومت گرانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ یہ اراکین اسمبلی جلد ہی آر جے ڈی کا دامن تھام لیں گے، لیکن ابھی انھیں تھوڑا انتظار کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ شیام رجک نے یہ بھی بتایا کہ یہ سبھی 17 اراکین اسمبلی ان کے ذریعہ لگاتار آر جے ڈی کے رابطے میں ہیں۔
’آج تک‘ سے خصوصی بات چیت کے دوران شیام رجک نے نتیش حکومت پر منڈلا رہے خطرات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ انھوں نے کہا کہ کئی جے ڈی یو اراکین اسمبلی بی جے پی کے طریقہ کار سے بے حد ناراض ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ جے ڈی یو چھوڑ کر آر جے ڈی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ شیام رجک کا کہنا ہے کہ 17 جے ڈی یو اراکین اسمبلی جلد از جلد آر جے ڈی میں شامل ہونا چاہتے ہیں، لیکن انھیں فی الحال روکا گیا ہے۔ شیام رجک سے جب یہ سوال کیا گیا کہ آخر انھیں آر جے ڈی میں شمولیت سے کیوں روکا گیا ہے، تو انھوں نے کہا کہ اگر یہ اراکین اسمبلی آر جے ڈی میں شامل ہوتے ہیں تو ’دل بدل قانون‘ کے تحت ان کی رکنیت رد ہو سکتی ہے۔
اس سلسلے میں تفصیل بتاتے ہوئے شیام رجک نے کہا کہ اگر دل بدل قانون کے تحت جے ڈی یو کے 25 سے 26 اراکین اسمبلی پارٹی چھوڑ کر آر جے ڈی میں شامل ہوں گے تو ہی ان کی رکنیت محفوظ رہے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ جے ڈی یو کے مزید کچھ اراکین اسمبلی پارٹی چھوڑنے کا ذہن بنائیں، اور پھر سبھی کو ایک ساتھ آر جے ڈی میں شامل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : دنیا میں کورونا سے 17.89 لاکھ سے زیادہ افراد کی موت
اروناچل پردیش میں جے ڈی یو کے 6 اراکین اسمبلی کی بی جے پی میں شمولیت کے واقعہ پر شیام رجک نے کہا کہ ’’جس طریقے سے جے ڈی یو کے 6 اراکین اسمبلی کو بی جے پی نے اپنے میں شامل کرا لیا ہے، اس سے یہ صاف ہو گیا ہے کہ بی جے پی نتیش کمار پر حاوی ہو گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جے ڈی یو کے اراکین اسمبلی پارٹی چھوڑنا چاہتے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔