’پہلے پی ایم مودی کورونا کا ٹیکہ لگائیں، پھر ہم بھی لگوا لیں گے‘
آر جے ڈی لیڈر تیج پرتاپ یادو نے کورونا ویکسین کو لے کر پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کورونا کی ویکسین پہلے وزیر اعظم مودی لگوا لیں، پھر ہم بھی لگوا لیں گے۔
ہندوستان میں کورونا وائرس کی دو ویکسین کے استعمال کی منظوری ملنے کے بعد ویکسنیشن کی تیاری زور و شور سے چل رہی ہے۔ امید ہے اگلے کچھ دنوں میں لوگوں کو ویکسین لگنے شروع ہو جائیں گے۔ حالانکہ اس پر سیاست بھی ہو رہی ہے۔ کئی لیڈر ابھی ویکسین لگوانے سے انکار کر چکے ہیں۔ وہیں یہ بحث بھی چل رہی ہے کہ اس ویکسین پر بھروسہ کیا جائے یا نہیں، یا پھر ویکسین پہلے کون لگوائے گا۔
اب آر جے ڈی لیڈر تیج پرتاپ یادو نے ویکسین کو لے کر پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’کورونا کی ویکسین پہلے پی ایم مودی لگوا لیں، پھر ہم بھی لگوا لیں گے۔‘‘ دراصل خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے تیج پرتاپ یادو کا ایک ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے جس میں ان سے سوال کیا گیا کہ ویکسین آ گئی ہے تو کیا آپ ویکسین لگوائیں گے؟ اس سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ’’پہلے مودی جی ٹیکہ لگوا لیں پھر ہم بھی لگوا لیں گے۔‘‘
واضح رہے کہ ویکسین کی منظوری کے عمل پر سیاسی لیڈروں سے لے کر ماہرین تک نے سوالیہ نشان لگائے ہیں۔ ہیلتھ اور میڈیسن کے ماہرین نے ویکسین سے جڑے ضروری ڈاٹا نہ ہونے کے باوجود دی گئی منظوری پر سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ ویلور میڈیکل کالج میں پروفیسر اور وباؤں کے خلاف ویکسین سے جڑے گلوبل ادارہ سی ای پی آئی کے نائب سربراہ ڈاکٹر گگن دیپ کانگ نے تو ایک انٹرویو میں یہاں تک کہہ دیا کہ انھوں نے ایسا کبھی نہیں دیکھا ہے اور یہ بہت ہی حیران کرنے والا قدم ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔