پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی بڑھتی قیمتیں غریبوں کی جان لے کر رہیں گی: مجلس اتحادالمسلمین
آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین دہلی کے صدر کلیم الحفیظ کا کہنا ہے کہ ’’حیرت کی بات یہ ہے کہ یہی بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ کانگریس کے زمانے میں ذرا سی مہنگائی بڑھنے پر سڑکوں پر نکل آتے تھے۔‘‘
نئی دہلی: پٹرول اور ڈیزل کے بڑھتے دام پر دہلی اور مرکزی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کل ہند مجلس اتحادالمسلمین دہلی کے صدر کلیم الحفیظ نے کہا کہ غریبوں کی جان لے کر رہیں گے، غریبی مٹانے اور اچھے دن لانے کا وعدہ کرنے والی حکومت غریبوں کو ہی مٹانے کے درپے ہے۔
کلیم الحفیظ نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ ابھی کورونا کی مار ختم بھی نہیں ہوئی ہے کہ ملک میں مہنگائی کی مار پڑنے لگی ہے، کسی بھی حکومت کی نظر میں عوام کی کوئی حیثیت نہیں رہ گئی ہے، اپنے چند دوستوں کو فائدہ پہنچانے کی خاطر 135 کروڑ لوگوں کا گلا گھونٹا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے تمام اشیاء کی قیمتوں پر فرق پڑتا ہے۔ اس لیے کہ ٹرانسپورٹ خرچ بڑھ جاتا ہے۔ ٹماٹر سے لے کر دالوں تک آسمان چھوتی قیمتوں کی ایک وجہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بھی ہیں۔
مجلس اتحادالمسلمین دہلی کے صدر نے کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ یہی بی جے پی اور سنگھ کے لوگ کانگریس کے زمانے میں ذرا سی مہنگائی بڑھنے پر سڑکوں پر نکل آتے تھے۔ ایک مرتبہ تو مرحوم اٹل بہاری واجپئی احتجاجاً بیل گاڑی سے پارلیمنٹ پہنچے تھے۔ آج وہی لوگ 60 دن میں 35 بار قیمتیں بڑھنے پر بھی خاموش ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت نے دراصل ملک کو ہندوتوا کے نام پر سرمایہ داروں کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ براران وطن بھی جے شری رام سے پیٹ بھر رہے ہیں، اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ وہ متحد ہوکر مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کریں۔ مجلس ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
صدر مجلس نے کہا کہ دو مہینوں میں 35 بار دام بڑھ چکے ہیں اور کسی کے کان پر جوں نہیں رینگ رہی ہے۔ اس بات کی بھی کوئی گارنٹی نہیں کہ یہ دام کہاں جا کر رکیں گے۔ دہلی کی سرکار مفت بجلی، پانی اور گھر گھر راشن بانٹنے کا ڈرامہ کر رہی ہے، اسے چاہیے کہ وہ پٹرول، ڈیزل اور گیس پر سے ریاستی ٹیکس ختم کردے، ایسا کرنے سے ہی سب چیزوں کے دام آدھے رہ جائیں گے، واضح رہے کہ دہلی اور مرکزی سرکار دونوں ملا کر 55 فیصد ٹیکس وصول کر رہی ہیں۔ ایک ہاتھ سے غریبوں کو مفت راشن دے کر ذلیل کیا جاتا ہے اور دوسری طرف ٹیکس بڑھا کر انھیں سے وصول کرلیا جاتا ہے۔ صدر مجلس نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ مہنگائی کے خلاف اپنے آئینی حق کا استعمال کرتے ہوئے احتجاج کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔