دہلی میں کل کورونا کے سب سے زیادہ 1163نئے معاملے سامنے آئے

کورونا کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کی خدمات مسافروں کے لئے اگلے نوٹس تک بند رہیں گی۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

راجدھانی میں کورونا وائرس خطرناک شکل اختیا ر کرتا جارہا ہے اور گزشتہ 24گھنٹوں میں اس کے ریکارڈ 1163معاملے سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 18ہزار سے زیادہ ہوگئی اور اس دوران 18مریضوں کی موت سے مرنے والو ں کی تعداد بڑھ کر 416پر پہنچ گئی۔

وزارت صحت کی طرف سے سنیچر کی دیر شام جاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں وائرس کے 1163معاملے سامنے آنے کے ساتھ مجموعی تعداد 18549پر پہنچ گئی۔


انہوں نے کہاکہ دہلی میں وائرس سے 8075لوگ صحت یاب ہوچکے ہیں۔ فی الحال 10058معاملے فعال ہیں۔ جمعہ کو متاثرین کے 1106 نئے معاملے سامنے آئے تھے۔

اس درمیان جہاں لاک ڈاؤن 5میں بہت سی نرمی دینے کا اعلان کیا ہے وہیں یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ دہلی میں کورونا کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کی خدمات مسافروں کے لئے اگلے نوٹس تک بند رکھی جائیں۔


ڈی ایم آر سی نے اپنے سرکاری ٹوئٹر ہینڈل پر بتایا کہ حکومت کی طرف سے جاری رہنما ہدایات کے تحت اگلے نوٹس تک میٹرو سروس بند رہے گی اور حکومت کی طرف سے اجازت ملنے کے بعد ہی میٹرو اپنی خدمات کو چالو کرے گا۔

ان دنوں راجدھانی دہلی میں سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر میں کام کاج شروع ہوچکا ہے اور لوگوں کی آمدورفت کے لئے دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور پرائیویٹ بسوں کو چلانے کی اجازت حکومت نے کافی پہلے سے دے رکھی ہے لیکن ان بسوں میں 20سے زیادہ مسافروں کی حد، آٹو اور پرائیویٹ ٹیکسیوں میں مسافروں کے لئے جاری رہنما ہدایات سے لوگوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


خیال رہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے پورے ملک میں دو مہینہ سے بھی زیادہ وقت سے نافذ لاک ڈاون کو اب صرف کنٹیمنٹ زون تک محدود کرکے آج اس کی مدت میں 30جون تک توسیع کردی گئی۔

آج جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ مذہبی تقریب، میٹر اور بین الاقوامی طیارہ خدمات شروع کرنے کے بارے میں صورتحال کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔