سونیا گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ کے خلاف پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ، تختیاں لہرا کر کی نعرے بازی

لوک سبھا میں ارکان نے نعرے بازی کی اور سونیا گاندھی کی تصویر والی تختیاں لہرا کر ناراضگی کا اظہار کیا۔ لوک سبھا میں گورو گگوئی اور مانیکم ٹیگور نے اس معاملہ پر تحریک التوا کے نوٹس پیش کئے۔

راجیہ سبھا میں ہنگامہ کرتے کانگریس ارکان / ویڈیو گریب
راجیہ سبھا میں ہنگامہ کرتے کانگریس ارکان / ویڈیو گریب
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ نے نیشنل ہیرالڈ کیس میں سونیا گاندھی سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی پوچھ گچھ سے قبل مخالفین کے خلاف ایجنسیوں کے غلط استعمال پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ آرائی جاری ہے۔ لوک سبھا میں ارکان نے نعرے بازی کی اور سونیا گاندھی کی تصویر والی تختیاں لہرا کر ناراضگی کا اظہار کیا۔ لوک سبھا میں گورو گگوئی اور مانیکم ٹیگور نے اس معاملہ پر تحریک التوا کے نوٹس پیش کئے۔

جمعرات کے روز لوک سبھا کی کارروائی کا آغاز ہوتے ہی کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے تختیاں لہرائیں اور نعرے بازی کرتے ہوئے ویل میں پہنچ گئے۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے نعرے بازی کے درمیان ہی وقفہ سوالات کی کارروائی چلانے کی کوشش کی لیکن ہنگامہ آرائی جاری رہی۔ لگاتار ہنگامہ آرائی کے درمیان لوک سبھا کی کارروائی کو 11.30 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔


ادھر، راجیہ سبھا میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کے سی وینوگوپال نے ملک میں مرکزی ایجنسیوں کے غلط استعمال کا حوالہ دیتے ہوئے نوٹس پیش کیا، جسے معطل کر دیا گیا۔ خیال رہے کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی نیشنل ہیرالڈ کیس کے سلسلے میں ای ڈی کے سامنے پیش ہونے جا رہی ہیں۔ ان سے جوائنٹ ڈائریکٹر سطح کے افسران کی ٹیم پوچھ گچھ کرے گی جس میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔