طلاق بل سے خلع کا حق بھی خطرے میں: بورڈ

تعدد ازدواج اور زنا ’’ضمانتی‘‘ تو طلاق ثلاثہ ’’غیر ضمانتی‘‘ کیسے؟، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کا حکومت سے سوال۔

تصویر قومی آواز/صابر قاسمی
تصویر قومی آواز/صابر قاسمی
user

یو این آئی

نئی دہلی : دی مسلم ویمن (نکاح کے موقع پر حقوق کا تحفظ) بل مجریہ 2017 نہ صرف خلاف شریعت اور مسلم عورتوں کے حقوق اور صنفی عدل کے خلاف ہے بلکہ اس سے دستور ہند کی بھی خلاف ورزی ہوتی ہے لہذا اسے فوری طور پر واپس لیا جائے۔

یہ مطالبہ ڈپٹی اسپیکر ہال(انیکسی)، کانسٹی ٹیوشن کلب میں میڈیا اور دوسری اہم شخصیات سے ملاقات اور مکالمے کے دوران آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ذمہ داران نے کیا۔ جن میں ڈاکٹر اسما ء زہرا اور فاطمہ مظفر،شامل تھیں۔

پریس اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کے نمائندوں سے مخاطب ذمہ داران نے ملت اسلامیہ ہند کی طرف سے استدلا ل کیا کہ متعلقہ بل کوپارلیمنٹ کے طے شدہ ضوابط، شرائط اور روایات کا پاس رکھے بغیر لوک سبھا سے بڑی عجلت میں منظور کیا گیا۔ا س بل کی تیاری میں نہ تو مسلمانوں کے مستند علماء اور دانشوروں سے رجوع کیا گیا اور نہ ہی مسلم خواتین کی تنظیموں، این جی او ز اور خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم سماجی تنظیموں اور کارکنوں سے کوئی رائے مانگی گئی بلکہ انہیں توپوری طرح اندھیرے میں رکھا گیا۔

اس تاثر کی ساتھ کہ اس بل کو جسے سپریم کورٹ اپنے اکثریتی فیصلہ میں پہلے ہی غیرمؤثر قرار دے چکا تھا، اتنی عجلت میں لانے کی مطلق ضرورت نہیں تھی ۔ سپریم کورٹ کے ایک اقلیتی فیصلہ کو اس قانون سازی کے لیے جواز بنانا بالکل ہی بے محل اور غلط بات ہے۔

اپنی بات کو ہندستانی مسلمانوں کے موقف کے طور پر سامنے لاتے ہوئے پریس سے مخاطب ذمہ داروں نے جن میں محترمہ عطیہ صدیقہ،محترمہ یاسمین ،محترمہ ممدوحہ ماجد بھی شامل تھیں ۔ایک سول معاملہ کو فوجداری جرم بنا دینے کو بھی غیرمعقول بلکہ قانونی طور پر غلط گردانااور کہا کہ معترضہ بل کے تیسرے باب کی شق 7میں بیوی کو بہ یک نشست تین طلاق دیئے جانے کو ایک غیرضمانتی اور قابل دخل اندازی جرم (Cognizable)قرار دینا کیسے درست ہو سکتا ہے جب کہ تعدد ازدواج اور زنا دونوں ہی ضمانتی اورقابل غیر دخل اندازی جرم ہیں۔

متعلقہ بل کی مخالفت اس تمہید کے ساتھ بھی کی گئی کہ اس بل میں کہا گیاہے کہ بہ یک نشست دی جانے والی طلاق واقع ہی نہیں ہوگی اور ازدواجی رشتہ باقی رہے گا۔جبکہ طلاق ثلاثہ کی طرح طلاق بائن بھی فوری اور ناقابل تبدیل طلاق ہے۔ اس کا مطلب ہوا کہ اب طلاق بائن بھی باطل اور بے اثر قرار پائے گی۔مزید یہ کہ اگر طلاق کے بعد بھی ازدواجی رشتہ باقی رہتا ہے تو پھر قانون میں بچوں کی کفالت اور شوہر پر نفقہ ذمہ داری کا باقی رہنا کیا ایک دوٹوک تضاد نہیں ۔

پریس کانفرنس سے مخاطب ہونے والی خواتین نے یہ بھی کہا کہ طلاق کی مذکورہ بالا تعریف کی زد میں’’ خلع‘‘ بھی آجاتا ہے جو کہ عورت کا مرد سے طلاق حاصل کرنے کا ایک حق ہے۔خلع مانگنے والی عورت کو بھی اس قانون کے تحت مجبور کیا جائے گا کہ وہ علیحدگی اختیار نہ کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Apr 2018, 5:46 PM