کشتواڑ میں ضلع مجسٹریٹ کے ذاتی محافظ سے چھینی گئی سروس رائفل، معطل کیا گیا
کشتواڑ میں ضلع مجسٹریٹ کے ذاتی محافظ دلیپ کمار کی سروس رائفل چھین لینے کے واقعہ کے بعد ریاستی پولس نے ذاتی محافظ کو معطل کر دیا ہے اور حراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے۔
جموں: جموں کشمیر کے پہاڑی کشتواڑ ضلع میں جمعہ کے روز مشتبہ ملی ٹینٹوں نے ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ کی ذاتی حفاظت پر مامور ایک پولس اہلکار دلیپ کمار کی سروس رائفل چھین لی۔ ریاستی پولس نے مذکورہ ذاتی محافظ کو معطل کر دیا ہے اور حراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کشتواڑ کے ضلع مجسٹریٹ انگریز سنگھ رانا کی ذاتی حفاظت پر مامور دلیپ کمار نامی پی ایس او نے دعویٰ کیا کہ کچھ نقاب پوش بندوق بردار جمعہ کی شام کو شہیدی مزار علاقے میں واقع اُس کی رہائش گاہ میں داخل ہوئے اور بندوق کی نوک پر اس کی ’اے کے 47‘ سروس رائفل اور موبائیل فون اٹھا کر فرار ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ رونما ہونے کے فوری بعد علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا اور بندوق برداروں کو پکڑنے اور لوٹے گئے ہتھیار و موبائیل فون کو بر آمد کرنے کی غرض سے تلاش شروع کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ پولس اہلکار کو معطل کرکے اس سے پوچھ گچھ بھی کی جارہی ہے۔
دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ انگریز سنگھ رانا نے کہا کہ متاثرہ پی ایس او نے انہیں فون پر بتایا کہ دو نامعلوم بندوق براداروں نے اس کے گھر میں گھس کر بندوق کی نوک پر اس کی سروس رائفل چھین لی۔ انہوں نے بتایا کہ ’’ایس پی صاحب کے مطابق متاثرہ پولس اہلکار سے جو موبائیل فون چھین لیا گیا تھا وہ بر آمد ہوا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔