ریوا سڑک حادثہ: گورکھپور کے مسافروں کی موت، یوگی کا اظہار غم

وزیر اعلیٰ یوگی نے مرنے والوں کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی مالی امداد دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

لکھنؤ: مدھیہ پردیش کے ریوا میں ہفتہ کو ہوئے بس حادثے میں اتر پردیش میں گورکھپور کے مسافروں کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے راحت اور بچاؤ کے کام میں مدد کے لیے ایک ٹیم بھیجی ہے۔ وزیر اعلی کے دفتر کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق ریوا ضلع مدھیہ پردیش میں سڑک حادثے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے یوگی نے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان سے بات کی اور ان سے حادثے میں زخمیوں کو مناسب علاج فراہم کرنے کی درخواست کی۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ یوگی نے اتر پردیش سے افسروں کی ایک ٹیم کو امدادی کاموں میں تعاون کے لیے روانہ کیا ہے۔ اے ڈی ایم اور اے ایس پی اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر روانہ ہو گئے ہیں۔


موصولہ اطلاعات کے مطابق ریوا میں سوہاگی ہلز کے قریب کل دیر رات بس اور ٹرک کی ٹکر میں 15 مسافروں کی موت ہو گئی اور تقریباً 40 زخمی ہو گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ بس جبل پور سے اتر پردیش کے پریاگ راج جا رہی تھی، جس میں حیدرآباد سے مزدوری کر کے دیوالی کے تہوار کی وجہ سے اپنے گھروں کو لوٹ رہے لوگ سوار تھے۔ مرنے والوں میں تمام مرد شامل بتائے جاتے ہیں جن کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔ بس میں سوار زیادہ تر مسافر اتر پردیش کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے ریوا میں بس اور ٹرک کے درمیان تصادم پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے آج صبح اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے فون پر بات کی اور انہیں اس واقعہ سے آگاہ کیا۔ ایم پی حکومت مسافروں کی لاشوں کو پریاگ راج لائے گی۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے مرنے والوں کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی مالی امداد دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔