راجیہ سبھا اراکین نے گنگنائے گیت، بجایا گٹار، باندھا سماں
راجیہ سبھا کے 203 اراکین کا گروپ فوٹو کھینچا گیا تھا جو اپنے آپ میں ایک خاص موقع ہوتا ہے۔ اس فوٹو سیشن میں موجودہ اور سبکدوش ہونے والے اراکین شامل تھے۔
راجیہ سبھا سے اپنی مدت کار مکمل کرنے والے اراکین نے جمعرات کو رنگا رنگ پروگرام پیش کرکے سب کو مسحورکر دیا۔
راجیہ سبھا کے چیئرمین اور نائب صدرایم وینکیا نائیڈو کی سرکاری رہائش گاہ پر منعقدہ الوداعی تقریب کے دوران کئی اراکین پارلیمنٹ نے اپنے فن کا زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے سماں باندھ دیا۔ عشائیہ سے قبل منعقدہ اس خصوصی پروگرام کے آغاز میں نامزد رکن سونل مان سنگھ نے میرا بائی کا بھجن گایا۔ ترنمول کانگریس کے رکن ڈاکٹرشانتنو سین نےگٹار بجایا اوراسی پارٹی کی ڈولا سین رابندر سنگیت پیش کیا۔ ڈی ایم کے'کے رکن تروچی شیوا نے تمل گانا گایا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رہنما روپا گانگولی نے ایک ہندی گانا گا کر مسحور کر دیا۔ بی جے پی کے رکن رام چندر جانگڈا نے حب الوطنی کا گیت پیش کیا۔ مہاراشٹر سے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی نمائندگی کرنے والی وندنا چوان نے ایک ہندی گانا گایا۔ اس کے بعد اپنی مدت کار پوری کرنے والے 72 اراکین سمیت تمام اراکین نےانجمن ترانہ گا کر قومی اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ تقریباً 20 سال بعد ایسی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔
قبل ازیں چیئرمین نے ریٹائر ہونے والے اراکین کو مومنٹو(نشان) پیش کئے۔ انہوں نے پچھلی بار ریٹائر ہونے والے 19 اراکین کو بھی نشانات پیش کیے۔
راجیہ سبھا کےایک تہائی 72 اراکین جمعرات کو ریٹائر ہو گئے۔ ریٹائر ہونے والے اراکین کا پروگرام دیر شام تک جاری رہا۔ صبح سب سے پہلے راجیہ سبھا کے 203 اراکین کا گروپ فوٹو کھینچا گیا تھا جو اپنے آپ میں ایک خاص موقع ہوتا ہے۔ اس فوٹو گروپ میں موجودہ اور سبکدوش ہونے والے اراکین کے علاوہ ایوان کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش اور ایوان کے وزراء نے شرکت کی۔ فوٹو گروپ میں 23 خواتین اراکین بھی شامل تھیں۔ آخری بار ایسی تصویر سال 2019 میں لی گئی تھی۔ سال 2020 میں کورونا کی وبا پھیلنے کی وجہ سے اس طرح کا گروپ پوز ممکن نہیں ہو سکاتھا۔
ایوان میں اراکین کا الوداعی پروگرام چار گھنٹے 27 منٹ تک جاری رہا اور 65 مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان میں چیئرمین، وزیراعظم، ڈپٹی چیئرمین، اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے اور نو سیاسی پارٹیوں کے رہنما شامل تھے۔ مقررین میں 11 اراکین اور 40 سبکدوش ہونے والے ممبران نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔راجیہ سبھا کے لیڈر پیوش گوئل نے الوداعی تقریب کا اختتام کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔